• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یو پی ایس سی چیئرمین منوج سونی اپنی مدت کار پوری کرنے سے قبل ہی مستعفی

Updated: July 20, 2024, 3:09 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

یو پی ایس سی کے چیئرمین منوج سونی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کی مدت کار ۲۰۲۹ء میں ختم ہونے والی تھی۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ۵؍ سال پہلے ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، ابھی ان کا استعفیٰ قبول کرنا باقی ہے۔

UPSC Chairman Manoj Soni. Photo: INN
یو پی ایس سی چیئرمین منوج سونی۔ تصویر : آئی این این

آج شائع ہوئی دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے چیئرمین منوج سونی نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم، اب تک اعلیٰ حکام کو ان کا استعفیٰ ابھی قبول کرنا باقی ہے۔ واضح رہے کہ ان کی مدت کار ۲۰۲۹ء یعنی ۵؍ سال بعد ختم ہونے والی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی مانے جانے والے منوج سونی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس لئے استعفیٰ دیا ہے تاکہ وہ سماجی اور مذہبی سرگرمیوں پر توجہ دے سکیں۔خیال رہے کہ یو پی ایس سی کے چیئرپرسن کی تقرری صدر جمہوریہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پوجا کھیڈکرپر جعلسازی کا الزام، ایف آئی آر درج

دی ہندو نے ایک نامعلوم اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سونی نے تقریباً ایک ماہ قبل استعفیٰ دیا تھا۔ واضح رہے کہ یو پی ایس سی ایک آئینی ادارہ ہے جو امتحانات کے ذریعے آل انڈیا سروسیز اور سینٹرل سول سروسیز میں افسران کی بھرتی کرتا ہے۔ منوج سونی ۲۸؍ جون ۲۰۱۷ء کو کمیشن کے رکن بنے تھے اور ۱۶؍ مئی ۲۰۲۳ء کو انہوں نے یو پی ایس سی کے چیئرمین کے طور پر حلف لیا تھا۔ انہوں نے ۲۰۰۹ء سے ۲۰۱۵ء تک ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور ۲۰۰۵ء سے ۲۰۰۸ء تک مہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی آف بڑودہ کے وائس چانسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: گرانٹ روڈ: سائی دھونیشا بلڈنگ کا ایک حصہ گرنے سے ایک خاتون ہلاک، ۴؍ افراد زخمی

خیال رہے کہ منوج سونی کے استعفیٰ کی خبر ٹرینی انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر پوجا کھیڈکر کی بھرتی سے متعلق تنازع کے درمیان آئی ہے، جس نے مبینہ طور پر اپنی معذوری اور دیگر پسماندہ طبقات کے کوٹہ سے فائدہ اٹھانے کی اہلیت کے بارے میں جھوٹے دعوے کئے تھے۔ تاہم، دی ہندو نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا کہ استعفیٰ کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جمعہ کو یونین پبلک سروس کمیشن نے کھیڈکر کے خلاف شکایت درج کرائی اور وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ سول سروسیز امتحان میں امیدواری کو کیوں منسوخ نہیں کیا جانا چاہئے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK