امریکی تنظیم سی اے آئی آر نے کہا کہ ہیگستھ جو چاہے ٹیٹو بنا سکتے ہٰیں لیکن انہیں یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ وہ امریکی فوج کی قیادت کرتے ہیں، جہاں ہزاروں امریکی مسلمانوں نے ملک کے دفاع کی قسم کھائی ہے۔
EPAPER
Updated: March 28, 2025, 10:36 PM IST | Inquilab News Network | Washington
امریکی تنظیم سی اے آئی آر نے کہا کہ ہیگستھ جو چاہے ٹیٹو بنا سکتے ہٰیں لیکن انہیں یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ وہ امریکی فوج کی قیادت کرتے ہیں، جہاں ہزاروں امریکی مسلمانوں نے ملک کے دفاع کی قسم کھائی ہے۔
امریکہ کے دفاعی سیکریٹری پیٹ ہیگستھ، جو گزشتہ دنوں میسجنگ ایپ سگنل پر یمن حملہ کی تفصیلات لیک ہونے کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے تھے، ایک نئے تنازع میں گھر گئے ہیں۔ ہیگستھ نے اپنے بازو پر نیا ٹیٹو بنوایا ہے جس میں "کافر" لکھا ہوا ہے۔ ٹیٹو کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ہیگستھ تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں اور ناقدین نے انہیں "اسلاموفوبک" قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ہیگستھ، حال ہی میں پرل ہاربر کے مشترکہ اڈے پر سیل ڈیلیوری وہیکل ٹیم ون میں شامل ہوئے جس کی کچھ تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیں۔ ایک تصویر میں ان کے بازو پر ایک نیا ٹیٹو دیکھا جاسکتا ہے جس میں عربی لفظ "کافر" لکھا ہوا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس ٹیٹو کو نوٹس لیا اور ان پر تنقید کی۔ ناقدین نے دیل پیش کی کہ امریکی فوج کی نگرانی کرنے والے شخص کا ایسا ٹیٹو بنوانا، اسلامو فوبک ہونے کی علامت ہے۔ ایک فلسطینی کارکن نیردین کسوانی نے ایکس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ہیگستھ نے ابھی اپنے بازو پر "کافر" کا ٹیٹو بنوایا ہے۔ یہ صرف ایک ذاتی انتخاب نہیں؛ یہ امریکی جنگوں کی نگرانی کرنے والے شخص کی طرف سے اسلامو فوبیا کی واضح علامت ہے۔" واضح رہے کہ عربی لفظ "کافر" کو انتہائی دائیں بازو کے اسلاموفوبس کی جانب سے مسلمانوں کا مذاق اڑانے کیلئے بطور ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ’’کیا آپ نشے میں تھے‘‘ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پرتنقید واستعفی کا مطالبہ
ایوارڈ یافتہ تفتیش کار اور مصنف تام حسین نے کہا کہ یہ ٹیٹو ہیگستھ کیلئے "مناسب نہیں" ہے، خاص طور پر جب قرآن میں یہ اصطلاح کسی ایسے شخص کیلئے استعمال کی جا رہی ہے جو خدا کو مسترد کرتا ہے۔ مسلم دنیا میں اس ٹیٹو کو ہیگستھ کی مسلمانوں سے دشمنی کے کھلے اعلان کے طور پر دیکھا جائے گا جس کی تصدیق یمن میں ایک اسپتال پر بمباری سے ہو جائے گی۔
"مسلم دشمنی کی علامت"
امریکہ میں مسلمانوں کے حقوق کیلئے سرگرم معروف تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے ہیگستھ کے نئے ٹیٹو کی مذمت کرتے ہوئے بیان دیا کہ یہ ٹیٹو "مسلم دشمنی اور ذاتی عدم تحفظ کی علامت ہے۔" تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عربی لفظ "کافر" بنیادی طور پر کسی ایسے شخص کی طرف اشارہ کرتا ہے جو جان بوجھ کر بنیادی، الہٰی سچائیوں کو چھپاتا یا انکار کرتا ہے، اس لفظ کا اپنے جسم پر ٹیٹو بنوانا مسلم دشمنی اور ذاتی عدم تحفظ دونوں کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل اب ایک منقسم قوم ہے جو زوال کے کنارے کھڑی ہے: سابق کنیسٹ رکن
سی اے آئی آر نے مزید کہا کہ ہیگستھ جو چاہے ٹیٹو بنا سکتے ہٰیں لیکن انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ امریکی فوج کی قیادت کرتے ہیں، جہاں ہزاروں امریکی مسلمانوں نے ملک کے دفاع کی قسم کھائی ہے۔ آپ امریکی مسلمانوں کو ٹیٹو کے ساتھ بھاگتے ہوئے نہیں دیکھیں گے کیونکہ ہم اپنے عقیدے میں محفوظ ہیں، ہم اپنے پڑوسیوں کے عقائد کا احترام کرتے ہیں.