Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: ڈیموکریٹ سینیٹر کوری بکر کا ۲۵ گھنٹے طویل تاریخی خطاب، ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا

Updated: April 02, 2025, 10:30 PM IST | Inquilab News Network | Washington

بکر نے خبردار کیا کہ ٹرمپ کا اختیارات کا مرکزیت پسندانہ استعمال امریکی جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، صرف ۷۱ دنوں میں صدر نے امریکیوں کی سلامتی، معاشی استحکام اور ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

Cory Booker. Photo: X
کوری بکر۔ تصویر: ایکس

ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بکر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے "آئین سے متصادم" اقدامات کے خلاف ۲۵ گھنٹے سے زائد طویل تقریر کرکے سینیٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ بکر نے مسلسل کھڑے رہ کر یہ تقریر کی اور واش روم تک جانے سے بھی گریز کیا، اس تاریخی منظر نے ۱۹۳۹ء کی کلاسک فلم "مسٹر اسمتھ گوز ٹو واشنگٹن" کی یادیں تازہ کردی۔ اس سے قبل ۱۹۵۷ کی شہری حقوق قانون کے خلاف ریاست ساؤتھ کیرولینا کے سینیٹر اسٹروم تھرمنڈ نے سینیٹ سے مسلسل ۲۴ گھنٹے ۱۸ منٹ خطاب کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔ بکر، جو سینیٹ میں منتخب ہونے والے صرف چوتھے افریقی نژاد امریکی ہیں، نے منگل کو یہ ریکارڈ توڑتے ہوئے ۲۵ گھنٹے ۵ منٹ تک تقریر جاری رکھی۔ نیو جرسی کے رہنے والے ۵۵ سالہ بکر نے ریکارڈ توڑنے پر ازراہِ مذاق کہا: "میں تھوڑا اور بولنا چاہوں گا، پھر اپنی جسمانی ضروریات پوری کروں گا جو میں محسوس کررہا ہوں۔"

اگرچہ بکر کی یہ میراتھن تقریر تکنیکی طور پر فلیبسٹر (پارلیمان کے کام کاج کو متاثر کرنے کیلئے دانستہ کی جانے والی سرگرمی) نہیں تھی کیونکہ یہ کسی بل کی ووٹنگ کے دوران نہیں ہوئی، لیکن ٹرمپ کے دور میں ڈیموکریٹس کی جانب سے سینیٹ کے کام کو جان بوجھ کر روکنے کی یہ پہلی کوشش تھی۔ سابق صدارتی امیدوار بکر نے پیر کی شام ۷ بجے سے منگل کو شام ۸:۰۵ بجے تک سینیٹ فلور پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔ انہوں نے ٹرمپ کی انتہائی بچت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایلون مسک جیسے مشیروں کو سرکاری پروگراموں میں کٹوتیاں کرنے کی اجازت دی۔ بکر نے خبردار کیا کہ ٹرمپ کا اختیارات کا مرکزیت پسندانہ استعمال امریکی جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، صرف ۷۱ دنوں میں صدر نے امریکیوں کی سلامتی، معاشی استحکام اور ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آج امریکہ ’تمام ممالک‘ کیلئے ٹیرف کا اعلان کریگا، عالمی معیشت تہہ و بالا

اپنی طویل تقریر کے دوران بکر نے نظمیں سنائیں، کھیلوں پر بات کی اور ساتھی سینیٹرز کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا: "اگر آپ کو اپنے ہمسایوں اور اس ملک سے محبت ہے تو اپنی محبت کا اظہار کریں۔ انہیں (ٹرمپ کو) یہ سب کرنے سے روکیں۔" اپنے اختتامی کلمات میں انہوں نے کہا: "یہ ایک اخلاقی لمحہ ہے۔ یہ بائیں یا دائیں بازو کا نہیں، بلکہ صحیح اور غلط کا معاملہ ہے۔" تقریر کے اختتام پر بکر نے امید ظاہر کی: "عوام کی طاقت طاقتور لوگوں سے زیادہ ہے۔"

یہ بھی پڑھئے: امریکیوں کی اکثریت، ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں سے خوش نہیں ہے: سروے میں انکشاف

واضح رہے کہ ڈیموکریٹس، جو سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں اقلیت میں ہیں، ٹرمپ کی حکومتی اداروں کو کمزور کرنے، ملک بدریوں میں اضافہ اور سیاسی روایات کو توڑنے کی کوششوں کو روکنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سینیٹر رافیل وارنوک نے بکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا: "میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے ساری رات ملک کیلئے جاگ کر گزار دی۔"

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK