Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

امریکہ: پولیو، ایچ آئی وی، ملیریا اور غذائیت کے عالمی پروگراموں کی امداد ​​ختم

Updated: February 28, 2025, 10:02 PM IST | Washington

امریکہ نے یونیسیف کے پولیو ویکسینیشن پروگرامکیلئے۱۳۱؍ ملین ڈالرکی امداد ختم کر دی ، جو لاکھوں بچوں کو ویکسین کی منصوبہ بندی، رسد فراہمی کیلئے استعمال ہوتی تھی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

واشنگٹن میں محکمہ خارجہ نے ایک ای میل بھیج کر پناہ گزین کیمپوں، ٹی بی کلینک، پولیو ویکسینیشن پروجیکٹ اور ہزاروں دیگر تنظیموں کو امریکی امداد کے خاتمے سے آگاہ کیا۔اس مختصر سی عبارت میں تقریباً ۵۸۰۰؍ پروجیکٹ کی امداد ختم کردینے کی اطلاع دی گئی تھی۔اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ متعدد منصوبوں کونظر ثانی کیلئے منجمد کررہے ہیں۔ بہت سے پروجیکٹ ایسے تھے جنہیں منجمد کرنے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا کیونکہ محکمہ خارجہ نے پہلے ہی ان کے کام کو ضروری اور زندگی بچانے والا قرار دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ:انسانی حقوق گروپ اسرائیلی جرائم میں بائیڈن کے ملوث ہونے پرعدالت سے رجوع

نیو یارک ٹائمز نے منسوخ کئے گئے پروجیکٹ کی تصدیق کی ہے۔ان میں یونیسیف کے پولیو ویکسینیشن پروگرام کیلئے ۱۳۱؍  ملین ڈالر کی امداد، جو لاکھوں بچوں کو ویکسین کی منصوبہ بندی، رسد فراہمی کیلئے استعمال ہوتا تھا۔- کیمونکس کمپنی کے ساتھ۹۰؍ ملین ڈالر کا معاہدہ، جو مچھر دانیوں، ملیریا کے ٹیسٹ اور علاج کیلئے تھا، جو۵۳؍ ملین افرادکو تحفظ فراہم کرتا۔ایک پروجیکٹ، جو یمن میں کمیونٹی ہیلتھ ورکر کی کوششوں کی معاونت کرتا تھا، جو گھر گھر جا کر غذائی قلت کے شکار بچوں کی تلاش کرتے تھے۔- گلوبل ڈرگ فیسلیٹی کے تمام اخراجات اور۱۰؍ فیصد دوا کا بجٹ، جو ڈبلیو ایچ او کا ٹی بی ادویات کا اہم سپلائی چینل ہے، جس نے گزشتہ سال تقریباً تین ملین مریضوں کو ٹی بی کا علاج فراہم کیا، جن میں تین لاکھ بچے شامل تھے۔ الزبتھ گلاسر پیڈیاٹرک ایڈز فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ایچ آئی وی کیئر اینڈ ٹریٹمنٹ پروجیکٹ، جو لیسوتھو، تنزانیہ اور ایسواٹینی میں ۳؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار لوگوں کو زندگی بچانے والی ادویات فراہم کر رہے تھے، جن میں۱۰؍ ہزار بچے اور۱۰؍ ہزار حاملہ خواتین شامل تھیں، جو اسلئے دوا لے رہی تھیں کہ وہ پیدائش کے وقت وائرس اپنے بچوں میں منتقل نہ کریں۔ یوگنڈا میں ایک پروجیکٹ، جو ایبولا کے مریضوں کے رابطوں کا سراغ لگانے، نگرانی کرنے اور وائرس سے مرنے والوں کو دفنانے کیلئے تھا۔- کینیا میں۳۴؍ ملین ڈالر مالیت کی طبی سپلائی کو منظم اور تقسیم کرنے کا معاہدہ، جس میں ماہانہ ایچ آئی وی علاج، ایچ آئی وی ٹیسٹ، ملیریا کاعلاج، ملیریا ٹیسٹ اور مچھر دانیاں شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے اب یورپ پر ۲۵؍فیصد ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دی

ان منصوبوں کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں چلنے والے منصوبے شامل ہیں ،ان میں بنگلہ دیش میں حاملہ خواتین کو خوراک کی فراہمی، ایتھوپیا میں غذائی قلت کے خاتمے، صاف پانی کی فراہمی، سوڈان میں طبی امداد کی فراہمی،نائجیریا میں ناقص تغذیہ کے شکار بچوں کا علاج، نیپال میں حاملہ خواتین کی صحت کی خدمات، کانگو کے جنگ زدہ خطے میں پانی کی فراہمی، جنوبی افریقہ میں عصمت دری اور گھریلو تشدد کی شکار خواتین کی دیکھ بھال، نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی منصوبے ہیں جو امریکی امداد کی بناء پر مختلف طبی، غذائی،اور انسانی خدمات انجام دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی امداد پر نظر ثانی کااعلان کیا تھا۔بدھ کو ارسال کئے گئے ای میل میں کہا گیا ہے کہ امریکی عوام کے مفاد میں یہ امداد منسوخ کی جا رہی ہے۔ امریکی حکومت کے اس فیصلے سے ناراض افریقی پاپولیشن اینڈ ہیلتھ ریسرچ سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر  ڈاکٹر کیتھرین کیوبٹنگی،نے کہا کہ ’’لوگ مریں گے، لیکن ہمیں کبھی پتہ نہیں چلے گا، کیونکہ مرنے والوں کو گننے کے پروگرام بھی ختم کردیے گئے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK