امریکی آئین میں ۱۴ ویں ترمیم، پیدائشی حق شہریت کی ضمانت دیتی ہے، اس بات پر وسیع تر قانونی اتفاق رائے ہونے کے باوجود ٹرمپ کے فیصلے نے امریکہ میں مقیم غیر ملکی شہریوں میں بے چینی کو جنم دیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 9:58 PM IST | Inquilab News Network | Washington
امریکی آئین میں ۱۴ ویں ترمیم، پیدائشی حق شہریت کی ضمانت دیتی ہے، اس بات پر وسیع تر قانونی اتفاق رائے ہونے کے باوجود ٹرمپ کے فیصلے نے امریکہ میں مقیم غیر ملکی شہریوں میں بے چینی کو جنم دیا ہے۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں ایک جج نے جمعرات کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے، پیدائشی حق شہریت کو ختم کرنے والے حکمنامہ کو "واضح طور پر غیر آئینی" قرار دیا اور اس کے نفاذ پر عارضی طور پر روک لگادی۔ خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق، ملک میں تارکینِ کے حقوق کیلئے سرگرم کئی تنظیموں کے علاوہ ۲۲ ریاستوں کی جانب سے اب تک اس حکم کے خلاف زائد از ۵ مقدمے دائر کئے جا چکے ہیں۔ واشنگٹن، ایریزونا، اوریگون اور الینوائے ریاستوں کے دائر کردہ مقدمہ کی سماعت جمعرات کو ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: پناہ گزینوں کی آمد پر روک، ٹرمپ مزید ۱۵۰۰ فوجی جنوبی سرحد پر بھیجیں گے
کیس کی سماعت کررہے وفاقی جج جان کوگنور نے کہا، "میں گزشتہ ۴ دہائیوں سے بطور جج خدمات انجام دے رہا ہوں۔ مجھے ایسا کوئی کیس یاد نہیں آتا جس میں سوال کا جواب، آج کے مقدمہ کی طرح واضح ہو۔ یہ ایک صریح غیر آئینی حکم ہے۔" اپنے فیصلہ میں جج نے ٹرمپ انتظامیہ کو ۱۴ دنوں تک اس حکم پر عمل درآمد کرنے سے روک دیا۔ اس کیس میں مزید سماعت ۶ فروری کو ہوگی۔ جج کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹرمپ نے بیان دیا کہ ان کی انتظامیہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے: جاسوسی ومداخلت پر برطانوی نیوز گروپ نے شہزادہ ہیری سے معافی مانگی
واضح رہے کہ ۲۱ جنوری کو، امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد ٹرمپ نے درجنوں حکمناموں پر دستخط کئے، جن میں سے ایک حکمنامہ کی رو سے مخصوص حالات میں امریکہ میں پیدا ہونے والے بچوں کا پیدائشی حق شہریت منسوخ کردیا گیا۔ ٹرمپ نے وفاقی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ امریکہ میں پیدا ہونے والے ان بچوں کو شہریت نہ دی جائے جن کی مائیں غیر قانونی طور پر یا عارضی ویزے پر قانونی طور پر وہاں موجود ہیں اور ان کے والد کے پاس امریکی شہریت یا گرین کارڈ نہیں ہے۔ اس حکم کا اطلاق ۱۹ فروری کے بعد پیدا ہونے والے بچوں پر ہوگا۔ امریکی آئین میں ۱۴ ویں ترمیم پیدائشی حق شہریت کی ضمانت دیتی ہے، اس بات پر وسیع تر قانونی اتفاق رائے ہونے کے باوجود ٹرمپ کے فیصلے نے امریکہ میں مقیم غیر ملکی شہریوں میں بے چینی کو جنم دیا ہے۔