• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: ملک کے مشرق میں لاکھوں افراد کو شدید برف باری اورسفری رکاوٹوں کا سامنا

Updated: January 05, 2025, 9:07 PM IST | Washington

امریکہ اس وقت موسمِ سرما کے شدید طوفانی بگولوں کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرق میں لاکھوں افراد کو شدید برف باری، سرد درجہ حرارت اور سفر میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

A man in the US removes snow from a road. Photo: INN.
امریکہ میں ایک شخص سڑک سے برف ہٹاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

امریکہ اس وقت موسمِ سرما کے شدید طوفانی بگولوں کی لپیٹ میں ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرق میں لاکھوں افراد کو شدید برف باری، سرد درجہ حرارت اور سفر میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ۶؍کروڑ سے زائد افراد اس خطرناک طوفان کی زد میں ہیں جو پیر تک امریکہ کے مشرقی نصف حصّے کو آرکٹک (قطب شمالی) کی یخ بستہ ہواؤں سے منجمد کر دے گا۔ امریکہ کی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے وسطی میدانی علاقوں سے وسط بحر اوقیانوس تک ریاستوں میں طوفانی ہواؤں سمیت شدید موسم سے خبردار کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: عمران اور بشریٰ کیخلاف۱۹۰؍ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر

موسم سرما کے طوفان کی وارننگ مغربی کنساس سے لے کر ساحلی ریاستوں میری لینڈ، ڈیلاویئر اور ورجینیا تک جاری کر دی گئی ہیں جو۲۴۰۰؍کلومیٹر کا غیر معمولی وسیع علاقہ ہے۔ نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ موسمِ سرما کا تباہ کن طوفان پیر سے بحر اوقیانوس کے وسط تک وسطی میدانی علاقوں کو بڑے پیمانے پر شدید برف باری سے متاثر کرے گا۔ یہ۲۰۲۵ء کا پہلا بڑا طوفان ہے جو تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ کنساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سنیچر کوتیزی سے جمع ہوتی برف کی وجہ سے اپنا فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ این ڈبلیو ایس کے مطابق نیو یارک اور پنسلوانیا کی مشرقی ریاستوں کے کچھ حصّوں کو ’گریٹ لیکس‘ سے آنےوالے برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہاں دو فٹ (۶۱؍سینٹی میٹر) تک برف پڑ سکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: یورپ پہنچنے کی کوشش میں گزشتہ سال ۲۲۰۰؍افراد بحیرہ روم میں ہلاک یا لاپتہ: یو این

امریکہ کے محکمہ موسمیات ایکیو ویدر نے سنیچر کو کہا کہ پورا خطہ پہلے ہی برف سے ڈھکا ہوا ہے اور مزید چار فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی کنساس سے شمال وسطی مسوری تک۱۵؍ انچ سے زیادہ پڑنے والی برف ایک دہائی میں ہونے والی سب سے زیادہ برف باری ہوگی۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن پانچ انچ یا اس سے زیادہ برف سے ڈھک سکتا ہے جبکہ قریبی علاقوں میں ۱۰؍انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔ میسوری اور ورجینیا کے گورنرز نے اپنی ریاستوں میں ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں موسم نہایت خراب ہوسکتا ہے۔ اپالاچین پہاڑوں میں موسمی حالات خاص طور پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں جہاں ستمبر کے آخر میں ایک مہلک سمندری طوفان نے کینٹکی سمیت متعدد جنوب مشرقی ریاستوں کو تباہ کر دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK