امریکہ کا ایک فوجی طیارہ بدھ کی سہ پہر کو ۱۰۰؍سے زیادہ جلاوطن ہندوستانی تارکین وطن کو لے کر امرتسر کے شری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ اس سے قبل طیارہ کی صبح آمدمتوقع تھی۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 6:03 PM IST | New Delhi
امریکہ کا ایک فوجی طیارہ بدھ کی سہ پہر کو ۱۰۰؍سے زیادہ جلاوطن ہندوستانی تارکین وطن کو لے کر امرتسر کے شری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ اس سے قبل طیارہ کی صبح آمدمتوقع تھی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابی وعدے پر عمل کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے ملک روانہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت امریکہ میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر ایک فوجی طیارہ جو کل امریکہ سے روانہ ہوا تھا، آج پنجاب کے امرتسر شہر کے شری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ اس سے قبل طیارہ کی صبح آمدمتوقع تھی۔پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق، پنجاب کے این آر آئی امور کے وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال نے کہا کہ،’’ا نہوں نے امریکی معیشت میں حصہ ڈالا ہے اور انہیں ملک بدر کرنے کے بجائے مستقل رہائش دی جانی چاہیے تھی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی اہم ایجنسیوں سے دستبرداری کے حکمنامہ پر دستخط کئے
پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) گورو یادو نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلی (بھگونت مان) نے پنجاب حکومت کی طرف سے کہاکہ، ہم اپنے تارکین وطن کو قبول کریں گے اور وہاں (ان کے لیے) کاؤنٹر قائم کریں گے۔ پنجاب حکومت مزید پیش رفت کے حوالے سے مرکزی حکام سے بھی رابطے میں ہے۔‘‘ہندوستانی شہریوں کی ملک بدری ایک وسیع ترامریکی منصوبے کا حصہ ہے، ہندوستان مبینہ طور پر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ سازگار تعلقات برقرار رکھنےکیلئےپس پردہ کام کر رہا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں تجارتی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے امریکہ کو کئی سفارتی رعایتیں دی ہیں۔ وہ اگلے ہفتے واشنگٹن میں ٹرمپ سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے ٹیکس اقدام کے خلاف عالمی سطح پر بے چینی اور ناراضگی کا ماحول
دریں اثنا، وزارت خارجہ نے ابھی تک تازہ ترین ملک بدری پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم، اس سے قبل کی رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ ہندوستان نے امریکہ سے ۱۸؍ ہزار غیر دستاویزی ہندوستانی تارکین وطن کو واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ہوم لینڈ سیکورٹی کے محکمہ نے ۲۰۲۲ءتک امریکہ میں غیر دستاویزی ہندوستانیوں کی کل تعداد تقریباً ۲؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار ہونے کا اندازہ لگایا تھا۔ واضح رہے کہ اپنی صدارت کے ابتدائی ہفتوں میں، ٹرمپ نے امیگریشن قوانین کو سختی سے نافذ کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، وفاقی اور مقامی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک بدری کو تیز کریں۔ اس میں امریکی فوج کو جنوبی سرحد پر تعینات کرنا اور ملک بدری کی مزید پروازوں کا اہتمام کرنا شامل ہے۔