ٹرمپ کے تازہ حکمنامہ کے بعد امریکہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی سے دستبردار ہو جائے گا اور تنظیموں کیلئے امریکی فنڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 5:12 PM IST | Inquilab News Network | Washington
ٹرمپ کے تازہ حکمنامہ کے بعد امریکہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی سے دستبردار ہو جائے گا اور تنظیموں کیلئے امریکی فنڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک انتظامی حکمنامہ پر دستخط کرکے اقوام متحدہ (یو این) کے متعدد اہم اداروں اور تنظیموں سے امریکہ کے دستبردار ہونے کی راہ ہموار کردی ہے۔ منگل کو دستخط کئے گئے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ ار سی) اور فلسطینیوں کیلئے سرگرم اور راحت رسانی کی ایجنسی "انروا" سے دستبردار ہو جائے گا اور یو این کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں شمولیت کا جائزہ لے گا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں ٹرمپ اور یاہو کی ملاقات، قطر میں گفتگو کی تیاری
ٹرمپ کے تازہ حکمنامہ کے بعد امریکہ، اقوام متحدہ (یو این) کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ ار سی) سے دستبردار ہو جائے گا اور تنظیم کیلئے امریکی فنڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کونسل کے ۴۷ اراکین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ذریعہ ۳ سال کی مدت کیلئے منتخب کیا جاتا ہے۔ امریکہ کی مدت ۳۱ دسمبر کو ختم ہوگی۔ فی الحال، اسے کونسل میں مبصر کا درجہ حاصل ہے۔ منگل کے حکم کے بعد کونسل کی سرگرمیوں میں امریکہ کی تمام شمولیت ختم ہو جائے گی۔ امریکہ نے اقوام متحدہ کی راحت رسانی کی ایجنسی انروا سے بھی دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے جو فلسطینیوں کیلئے ایک اہم امدادی ادارہ ہے۔ غزہ جنگ میں بے گھر ہوئے تقریباً ۱۹ لاکھ افراد کی بڑی تعداد اپنی بقاء کیلئے انروا کی امداد پر انحصار کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایلون مسک کی بڑھتی طاقت امریکی بیوروکریسی کیلئے درد سر
وائٹ ہاؤس عملہ کے سکریٹری ول شارف نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں میں "امریکہ مخالف تعصب" کے خلاف یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکمنامہ میں مختلف ممالک کے درمیان تفاوت اور فنڈنگ کی سطحوں کی روشنی میں اقوام متحدہ میں امریکی شمولیت اور فنڈنگ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۵؍ ہندوستانی امریکہ سے واپس بھیج دئیے گئے
ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی "زبردست صلاحیت" کو تسلیم کیا لیکن یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی ادارہ "اچھی طرح کام نہیں کر رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ سبھی ممالک نے ادارہ کا مالی تعاون کرنا چاہئے لیکن افسوس ہے کہ امریکہ غیر متناسب تعاون پیش کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ طویل عرصہ سے واشنگٹن کی کثیر جہتی اداروں کی خطیر فنڈنگ کے مخالفت کرتے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے ٹیکس اقدام کے خلاف عالمی سطح پر بے چینی اور ناراضگی کا ماحول
اس سے قبل، ۲۰ جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹرمپ پیرس موسمیاتی معاہدے اور عالمی ادارہ صحت سے بھی دستبردار ہونے کے حکمنامہ پر دستخط کرچکے ہیں۔