• Fri, 01 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکی صدارتی انتخابات: ہیرس اور ٹرمپ کی ایک دوسرے پر شدید تنقید

Updated: October 31, 2024, 10:05 PM IST | New York

ٹرمپ نے کہا کہ اگر بائیڈن اور ہیرس امریکیوں سے محبت نہیں کرتے تو وہ امریکہ کی قیادت بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کملا ہیرس، امریکہ کی صدر بننے کے لائق نہیں ہیں۔

Kamala Harris and Donald Trump. Image: X
کملا ہیرس اور ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

نائب صدر کملا ہیرس اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابی نقطہ نظر سے اہم ریاست وسکونسن میں انتخابی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ دونوں ہی صدارتی امیدوار، انتخابات سے ۵؍ دن قبل ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سی این این کے تازہ ترین پولز کے مطابق، ہیریس کو مشی گن اور وسکونسن میں برتری حاصل ہے، جبکہ پینسلوانیا میں دونوں اُمیدوار ایک دوسرے کو برابر کی ٹکر دے رہے ہیں۔ نتائج کے مطابق، مشی گن میں ہیرس کو ممکنہ طور پر ۴۸؍ فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے جبکہ ۴۳؍ فیصد ووٹروں کی حمایت کے ساتھ ٹرمپ انہیں کڑی ٹکر دے رہے ہیں۔ وسکونسن میں بھی ہیرس، ٹرمپ سے آگے ہیں، جہاں انہیں ۵۱؍ فیصد اور ٹرمپ کو ۴۵؍ فیصد ووٹ ملنے کی امید کی جارہی ہے۔ پنسلوانیا میں برابری کا مقابلہ ہے جہاں دونوں کو ۴۸؍ فیصد حمایت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سی پی جے امپیونٹی انڈیکس: ہیتی، اسرائیل صحافیوں کے قاتلوں کو سزا نہیں دے رہے ہیں

اس دوران، ٹرمپ نے صدر جو بائیڈن کے تبصرے، جن میں ٹرمپ حامیوں کو "کچرا" کہا گیا، کا استعمال کرتے ہوئے ہیرس پر شدید حملہ کیا۔ ردی کی ٹوکری پہنے ٹرمپ ایک ڈمپ ٹرک میں وسکونسن کے گرین بے علاقہ میں ریلی کے مقام پر پہنچے اور ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیرس صدر بننے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن اور ہیرس کے بارے میں میرا جواب یہی ہے کہ اگر وہ امریکیوں سے محبت نہیں کرتے تو وہ امریکہ کی قیادت بھی نہیں کر سکتے۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ کملا ہیرس ریاستہائے متحدہ امریکہ کی صدر بننے کے لائق نہیں ہیں۔ ریلی سے قبل ٹرمپ نے صحافیوں سے بھی بات کی اور انہیں بتایا کہ انہوں نے یہ کچرے کا ٹرک بائیڈن اور ہیرس کے اعزاز میں استعمال کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: الیکشن کی اہمیت کے پیش نظر صد فیصد ووٹنگ کو یقینی بنانے پرزور

اس سے قبل، ہیرس نے بائیڈن کے "کوڑے دان" والے تبصرہ سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا کہ وہ، ووٹ دینے کی پسند کی بنیاد پر کسی پر تنقید کرنے کے خیال سے اتفاق نہیں رکھتی۔ کملا نے خود کو مخلص قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ امریکہ کی صدر منتخب ہوئی تو تمام امریکیوں کی نمائندگی کریں گی حتیٰ کہ وہ انہیں ووٹ نہ دینے والوں کی بھی نمائندہ ہوگی اور ان کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کریں گی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیرس نے امریکی عوام کو ٹرمپ کو منتخب کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات ۵؍ نومبر کو منعقد ہوںگے۔ ابتدائی ووٹنگ میں ۵۹؍ ملین سے زیادہ امریکی اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔ سرکاری تفصیلات کے مطابق کل ابتدائی ووٹوں میں ۳؍ کروڑ ۱۰؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار ۱۲۵؍ ووٹ ذاتی طور پر جبکہ ۲؍ کروڑ ۷۹؍ لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۶۳؍ ووٹ ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے۔ انتخابات جیتنے کیلئے کامیاب امیدوار کو ۵۳۸؍ الیکٹورل ووٹوں میں سے ۲۷۰؍ حاصل کرنے ہوں گے۔ انتخابی نتائج کے تعین کیلئے جارجیا، مشی گن، ایریزونا، پنسلوانیا، شمالی کیرولینا، وسکونسن اور نیواڈا، یہ ۷؍ ریاستیں اہم سمجھتی جاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK