Updated: September 02, 2024, 8:12 PM IST
| New Delhi
یو ایس کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، صرف جون ۲۰۲۴ء میں ۵؍ ہزار ۱۵۲؍ غیر دستاویزی ہندوستانی پیدل ہی کنیڈا سے امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔ ۲۰۲۳ء میں تقریباً ۹۷؍ ہزار ہندوستانی شہری بغیر دستاویزات کے امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔
امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی طرف سے پروسیسنگ کیلئے قطار میں کھڑے تارکین وطن۔ تصویر: آئی این این۔
دی انڈین ایکسپریس شو کے ذریعہ جائزہ لئے گئے ڈیٹا کے مطابق پیدل کنیڈا سے امریکہ جانے والے غیر دستاویزی ہندوستانیوں کی تعداد اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یو ایس کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن (CBP) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، صرف اس جون میں ۵۱۵۲؍ غیر دستاویزی ہندوستانی پیدل ہی کنیڈا سے امریکہ میں داخل ہوئے اور، کنیڈا سے امریکہ میں داخل ہونے والے ہندوستانیوں کی ماہانہ تعداد دسمبر۲۰۲۳ء سے بدنام زمانہ میکسیکو کے راستے سے گزرنے والوں سے بڑھ گئی ہے۔ تقریباً۹؍ہزارکلومیٹر پر پھیلی ہوئی، یو ایس-کنیڈا لائن دنیا کی سب سے لمبی کھلی سرحد ہے، جو میکسیکو کی لمبائی سے دوگنا زیادہ ہے اور چین کے ساتھ ہندوستان کی۳۴۰۰؍ کلومیٹر کی سرحد سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوجوں نےجنین کو بھی غزہ بنا دیا، ۷۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ کردیا
یو ایس سی بی پی کے اعداد و شمار کے مطابق، اس سال جنوری سے جون کے دوران کنیڈاکے ساتھ امریکی سرحد پر ’’انکاؤنٹرز‘‘ (حراست میں لئے گئے، نکالے گئے یا داخلے سے انکار) میں پکڑے جانے والے ہندوستانیوں کی اوسط ماہانہ تعداد ۲۰۲۳ء میں ۲۵۴۸؍سے ۴۷؍ فیصد بڑھ کر۳۷۳۳؍ ہو گئی۔ یہ تعداد۲۰۲۱ ء سے۱۳؍ گنا زیادہ ہے۔ یہ اعداد امریکہ میں قانونی طور پر آباد ہندوستانی آبادی کے بڑھتے ہوئے معاشی اثرات کےپیش نظر اہمیت رکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر، بوسٹن کنسلٹنگ گروپ کے ایک حالیہ مطالعے کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہندوستانی امریکی امریکی آبادی کا صرف۱ء۵؍ فیصد ہیں لیکن وہاں تمام انکم ٹیکس کا تقریباً۵ء۶؍ فیصد ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت کا دعویٰ
کنیڈا سے امریکہ جانے والے ہندوستانیوں کا سابقہ ریکارڈ
کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق۲۰۲۳ء میں تقریباً ۹۷؍ہزار ہندوستانی شہری بغیر دستاویزات امریکہ میں داخل ہوئے۔ ان میں سے۳۰؍ ہزار شمالی سرحد یعنی کنیڈا کے راستے امریکہ آئے تھے۔ سی بی پی کے مطابق۲۰۱۹ء میں ۱۶؍ ہزار ہندوستانی تارکینِ وطن کنیڈا کے راستے امریکہ آئے تھے جبکہ اکتوبر۲۰۲۳ء سے فروری۲۰۲۴ء کے دوران۱۴؍ ہزار ہندوستانی کنیڈا سے امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔ سی بی پی کے مطابق ۲۰۲۳ءمیں کنیڈاکی سرحد سے مجموعی طور پر ایک لاکھ۹۰؍ ہزار افراد امریکہ میں داخل ہوئے جو۲۰۲۱ء کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ تھے۔