Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: ٹرمپ نے امیرتارکین وطن کیلئے۵۰؍ لاکھ ڈالر کا گولڈ کارڈ متعارف کرایا

Updated: April 04, 2025, 9:03 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امیر تارکین وطن کو امریکی شہریت عطا کرنے والا۵۰؍ لاکھ ڈالر کا گولڈ کارڈ متعارف کرایا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ حکومت آنے والے ہفتوں میں `گولڈ کارڈ ویزے جاری کرنا شروع کر دے گی۔

Donald Trump introducing the Gold Card. Photo: X
ڈونالڈ ٹرمپ گولڈ کارڈ متعارف کراتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر۵۰؍ لاکھ ڈالر کے تجویز کردہ `گولڈ کارڈ ویزے کا ڈیزائن متعارف کرایا ۔ یہ اقدام امیر غیر ملکی شہریوں کو ایک بڑی سرمایہ کاری کے بدلے میں امریکہ میں رہائش اور شہریت کا راستہ فراہم کرنے کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ سنہرے رنگ کے اس کارڈ پر صدر کی تصویر نمایاں طور پر موجود ہے۔ اس موقع پر ٹرمپ نے کہاکہ ’’۵۰؍لاکھ ڈالر میں، یہ آپ کا ہو سکتا ہے۔ یہ پہلا کارڈ تھا۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ کارڈ کیا ہے؟ یہ گولڈ کارڈ ہے،ٹرمپ کارڈ۔‘‘  

یہ بھی پڑھئے: ’ٹرمپ ٹیریف‘ کے نرغے میں کئی ممالک ، ہندوستان پر ۲۶؍ فیصد ٹیریف عائد

گولڈ کارڈ کو موجودہ ای بی ۵؍ ویزا پروگرام سےبدلنے کا منصوبہ ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو امریکی کاروبار میں۱۰؍ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر مستقل رہائش فراہم کرتاہے، بشرطیکہ اس سے کم از کم دس نوکریاں پیدا ہوں۔ کامرس سیکرٹری ہاورڈ لٹنک نے ای بی ۵؍ پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ بکواس، فرضی باتوں اور دھوکے سے بھرا ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ نیا گولڈ کارڈ شاندار، عالمی معیار کے شہریوں کو راغب کرے گا۔ ‘‘ انتظامیہ کو توقع ہے کہ گولڈ کارڈ پروگرام اعلیٰ سطح کے سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کرے گا، جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر دس لاکھ گولڈ کارڈ فروخت ہو جائیں تو اس سے۵؍ ٹریلین ڈالر کی آمدنی ہو سکتی ہے، جو ۳۵؍ٹریلین ڈالرکے  قومی قرضے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: فلسطین حامی مظاہروں پرٹرمپ کے شکنجہ کے خلاف ۲۰۰؍ سے زائد تنظیمیں زبردست ریلی نکالیں گی

واضح رہے کہ گولڈ کارڈ فوری شہریت فراہم نہیں کرتا، تاہم یہ قانونی رہائش کی منظوری دیتا ہے، جس کے بعد شہریت کیلئے درخواست دینے کا موقع عام طور پر پانچ سال بعد مل سکتا ہے۔ درخواست دہندگان کو عالمی معیار کے شہری ہونے کی تصدیق کیلئے جانچ پڑتال سے گزرنا ہوگا۔ انتظامیہ آنے والے ہفتوں میں اہلیت کے معیارات جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK