• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: اسرائیل نواز کابینہ پر ٹرمپ کو ووٹ دینے والے مسلمان ناراض

Updated: November 16, 2024, 7:16 PM IST | Washington

امریکی مسلم ووٹرز اور لیڈرز نے اسرائیل نواز موقف رکھنے والے افراد کو ٹرمپ کابینہ میں منتخب کئے جانے پر تنقید کی جس کے بعد ان کی ناراضگی کھل کر سامنے آگئی ہے۔

US President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

غزہ میں جاری وحشیانہ اسرائیلی کارروائیوں پر خاموش تماشائی بائیڈن انتظامیہ سے ناراض ہو کر حالیہ امریکی انتخابات کے فاتح ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے امریکی مسلم لیڈران، ٹرمپ سے بھی مایوس ہوگئے ہیں جو اپنی کابینہ میں اسرائیل نواز افراد کو شامل کر رہے ہیں۔ امریکی مسلم رہنماؤں نے اسرائیل نواز موقف رکھنے والے افراد کو ٹرمپ کابینہ میں منتخب کئے جانے پر تنقید کی جس کے بعد ان کی ناراضگی کھل کر سامنے آگئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: جارجیا: روس سے سرمایہ کاری کے معاہدے کی مخالفت میں مظاہرین کا پارلیمنٹ پر حملہ

حالیہ انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے مسلم لیڈران نے غزہ اور لبنان میں تنازعات کے درمیان انتظامیہ کے اسرائیل نواز موقف کے بارے میں خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی حالیہ کابینہ کے انتخاب پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ٹرمپ کی کابینہ میں سینیٹر مارکو روبیو کو سیکریٹری آف اسٹیٹ مقرر کیا گیا ہے۔ روبیو غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کرتے ہیں اور حماس کے خلاف سخت گیر طرز عمل کے حامی ہیں۔ اسی طرح، اسرائیل میں امریکی سفیر کے طور پر نامزد کئے گئے مائیک ہکابی، فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ کی حمایت کرتے ہیں اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے خلاف ہیں۔ مزید برآں، اقوام متحدہ میں بطور سفیر نامزد کئے گئے ایلیس اسٹیفانیک نے غزہ پر اقوام متحدہ کے ردعمل پر تنقید کرتے ہوئے "یہود مخالف" قرار دیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ: ۲۰۲۴ء کے اوائل میں ۱۰؍ ہزار سے زائد اسرائیلیوں نے کنیڈا ہجرت کی

ٹرمپ کیلئے حمایت کا اعلان کرنے کے بعد ربیع الچودھری اور ریکسینلڈو نذرکو و دیگر مسلم لیڈران امید کر رہے تھے کہ ٹرمپ امن کے حامی اور اسے فروغ دینے والے عہدیداران کا انتخاب کریں گے لیکن اب وہ محسوس کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کابینہ میں شامل افراد، جنگ اور اسرائیل نواز ایجنڈے کے حق میں ہیں۔ ایک ٹرمپ حامی مسلم لیڈر حسن عبدالسلام نے نوٹ کیا کہ انتظامیہ کی پالیسیاں توقع سے زیادہ شدید نظر آتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایمسٹرڈیم: مسلمانوں نے تشدد کے بعد حکومتی بیان بازی کو مسترد کردیا

تنقید کے باوجود، مشی گن کی ریپبلکن پارٹی کے رولا مکی سمیت ٹرمپ کے کچھ اتحادیوں نے حامیوں کے درمیان عدم اطمینان کو تسلیم کیا لیکن ساتھ ہی امن کے لئے ٹرمپ کے ارادوں پر زور دیتے ہوئے ان کے انتخاب کا دفاع کیا۔ رچرڈ گرینل اور مساد بولوس جیسی اہم شخصیات نے انتخابات سے قبل، مسلم سماج کو ٹرمپ کے امن حامی عزم کا یقین دلایا تھا، لیکن ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں سے لگتا ہے کہ وہ مسلمانوں کے احساسات کو نظر انداز کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK