منگل کو صدر بائیڈن نے ۵۰ بلوں پر دستخط کئے جن میں اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کیلئے مکمل اور غیر مشروط معافی کا اعلان بھی شامل ہے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 8:03 PM IST | Inquilab News Network | Washington
منگل کو صدر بائیڈن نے ۵۰ بلوں پر دستخط کئے جن میں اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کیلئے مکمل اور غیر مشروط معافی کا اعلان بھی شامل ہے۔
رخصت پذیر امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو ۵۰ بلوں پر دستخط کرکے ان کے قانون بننے کی راہ ہموار کردی ہے۔ بائیڈن نے گنجا عقاب کو امریکہ کے قومی پرندے کے طور پر تسلیم کرنے کے بل پر بھی دستخط کرکے اس بل کو منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ پرندہ بائیڈن کو پسند ہے۔ دستخط کئے گئے بلوں میں ایک ایسا بل بھی شامل ہے جس کی رو سے کانگریس کے اراکین پر عائد کردہ جرم ثابت ہونے پر ان کی پنشن بند کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی کوریا: آبادی میں کمی اور بڑھتی عمر سے معاشرہ معمر ہو رہا ہے
بائیڈن نے ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی کیمپس میں ہونے والے تشدد اور اموات کو روکنے کے لئے پہلا فیڈرل اینٹی ہیزنگ اسٹینڈرڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے ایک بل پر بھی دستخط کئے جو نوجوانوں کا علاج اور دیکھ بھال کرنے والے مراکز کو جوابدہ ٹھہراتا ہے۔ واضح رہے کہ اس بل کو ریئلٹی ٹی وی اسٹار پیرس ہلٹن کی حمایت حاصل تھی۔ اس موقع پر بائیڈن نے ۴۰ وفاقی قیدیوں میں سے ۳۷ قیدیوں کی سزائے موت کو بغیر پیرول کی تاعمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔ جبکہ صدر بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کیلئے مکمل اور غیر مشروط معافی جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ اگلے ماہ ۲۰ جنوری کو نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ حلف لیں گے اور عہدہ صدارت سنبھالیں گے۔ ٹرمپ کو اقتدار سونپنے سے قبل بائیڈن اپنی حتمی ترجیحات کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، بائیڈن کانگریس سے منظور شدہ رقم کو ملک میں انفراسٹرکچر پروجیکٹس اور یوکرین کو ہتھیار بھیجنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔