Updated: January 18, 2025, 5:56 PM IST
| Kolkata
کولکاتا کی ایک عدالت نے گزشتہ سال کولکاتا کے آرجی کرمیڈیکل کالج میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں ملزم سنجے رائے کو قصوروار قرار دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ پیر کو یہ فیصلہ سنایاجائے گاکہ سنجے رائے کو کتنے برسوں کی سزا دی جانی چاہئے۔
آرجی کر میڈیکل کالج۔ تصویر: آئی این این
کولکاتا کی ایک عدالت نے گزشتہ سال کولکاتاکے آرجی کرمیڈیکل کالج میں ایک جونیئر ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری کے معاملے میں ملزم سنجے رائے کو قصوروار قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ سیالدھ کی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے۱۲؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو نجی کارروائی کی شروعات ہونے کے ۵۷؍ دنوں بعد سنایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ پیر کو سنایا جائے گا کہ ملزم کو کتنے برسوں کی سزا دی جانی چاہئے۔عدالت نے فورینسک رپورٹ پر انحصار کیا جو سنجے رائے کے اس جرم میں ملوث ہونے کا اشارہ کرتی ہے۔ فورینسک رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ’’جائے وقوع پر اور مہلوک ڈاکٹر کے جسم پر سنجے رائے کا ڈی این اے پایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: قیدیوں کے پاس سوائے ان کے کپڑوں کے کچھ نہیں ہوتا: فلسطینی وکیل کا انکشاف
جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’’جس طرح آپ نے متاثرہ ڈاکٹر کا گلا دبایا اس کیلئے آپ کو سزائے موت یا عمر قید سنائی جانی چاہئے۔ ‘‘ عدالت نے بھارتیہ نیائے سنہتا کے سیکش ۶۴؍(جس کے تحت مجرم کو ۱۰؍ سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے) اور سیکشن ۶۶؍ (جس کے تحت ملزم کو ۲۵؍ سال قید، عمر قید یا موت کی سزابھی سنائی جاسکتی ہے) کی بھی نشاندہی کی۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’’پیر کو ملزم کے تعلق سے فیصلہ سنایا جائے گا ۔ ثبوتوں کے ذریعے میں نے اپنا مشاہدہ سی بی آئی سے بیان کیا ہے۔ آج تمہیں (ملزم کو) جیل بھیجا جائے گا۔‘‘
سنجے رائے نے عدالت میں کیا کہا؟
ملزم سنجے رائے، جو کولکاتا پولیس کا شہری رضاکار ہے،نےعدالت سے کہا کہ ’’میں مکمل طور پر ’’بے قصور‘‘ ہوں اور مجھے اس کیس میں پھنسایاجارہا ہے جبکہ ’’حقیقی مجرمین‘‘ آزادانہ گھوم رہے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ ابتدائی طورپر سنجے رائے نے اپنا جرم قبول کیا تھا۔اس نے مزید کہا کہ ’’غلط طریقے سے‘‘ مجھے اس کیس میں پھنسایا جارہا ہے ۔ جنہوں نے اس جرم کا ارتکاب کیا ہے انہیں کیوں چھوڑا جارہا ہے۔ ایک آئی پی ایس سے میں نے یہ سب کچھ کہہ دیا تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’جنگ بندی معاہدہ ہورہا ہے تو بم کیوں برسا رہے ہو؟‘‘بلنکن سے سوال پر صحافی کو گھسیٹ کر باہر نکال دیا
سی بی آئی کی چارج شیٹ میں کیا کہا گیا ہے؟
گزشتہ سال اکتوبر میں سی بی آئی کی جانب سے جاری کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیاتھا کہ ’’سنجے رائے کی جینس اور جوتوں میں متاثرہ ڈاکٹر کا خون پایا گیا تھا۔ جائے وقوع پر ملزم کا بلیوٹوتھ اور بالوں کا نمونہ بھی ملا تھا۔‘‘
عدالت کے فیصلے پر ترنمول کانگریس کا ردعمل
فیصلے کے بعد ترنمول کانگریس نے کہا کہ ’’کچھ افراد یہ کہہ کر عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انصاف کب دیا جائے گا۔سنجے رائے نے جو جرم کیا ہے اسے مخفی رکھا جائے گا کیونکہ اب بھی بہت سے سوالوں کے جواب باقی ہیں۔ عدالت میں ہر ایک کے پاس وکیل ہے اور سب کے بیانات سنے گئے ہیں۔ سی بی آئی کی تفتیش جاری ہے اور ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ آگے کیااقدامات کئے جاتے ہیں۔تاہم، جو بھی اس ایجنڈا کو فروغ دے رہا ہے ان کے اپنے ذاتی مقاصد ہیں۔‘‘
یاد رہےکہ ۹؍ اگست ۲۰۲۴ء کوکولکاتا کے آرجی کر میڈیکل کالج میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری ہوئی تھی۔ اسپتال کے سیمینار روم سے ڈاکٹر کی لاش ملی تھی۔