• Sat, 26 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میرابھائندر کے پھیری والے دوہری فیس سے پریشان

Updated: October 26, 2024, 9:37 AM IST | Mumbai

مہانگر پالیکا کی معرفت نجی ٹھیکیدارایک پھیری والے سے دن میں ۲؍ مرتبہ صبح ۹۰؍ اور شام کو ۳۰؍روپے وصول رہے ہیں۔

Hawkers discussing municipal corporation double fees. Photo: INN
میونسپل کارپوریشن کی دوہری فیس کے تعلق سے ہاکرس گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 میرا بھائند ر مہانگرپالیکا پھیری والوںسےایک جگہ کیلئے دن میں ۲؍مرتبہ فیس وصول رہاہے ،جس سے یہاں کے پھیری والے شدید پریشان ہیں ۔میرا بھائندر مہانگر پالیکا  کی معرفت نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پریہاںکے ایک پھیری والے سے دن میں ۲؍ مرتبہ صبح ۹۰؍ اور شام کو ۳۰؍روپے وصول کئے جا رہے ہیں جس سے پھیری والوں میں شدید ناراضگی پائی جا ر ہی ہے ساتھ ہی نجی طور پر فیس وصولنے والوں کی غنڈ ہ گردی اور دھمکی سے پریشان ہوکر نوگھر روڈ، کیبن روڈ، وجے پارک، ساٹھ فٹ روڈ، بامبے مارکیٹ، جیسل پارک اورآر این پی پارک کےہاکروں نے بھائندر میں علامتی مظاہرہ کرنے کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا۔
 جن وادی ہاکرس سبھا ،میرابھائندرکمیٹی کے صدر ایڈوکیٹ کشور سامنت اور نائب صدر ویریندر گپتا نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’ میرا بھائندر مہانگر پالیکا نے حال ہی میں پھیری والوں سے روزانہ کی بنیاد پر فیس وصولنے کی ذمہ داری ایک نئی نجی کمپنی کو دی ہے ۔ اس نے گزشتہ ۱۵؍ دنوں سے یہا ں کے پھیری والوں کو  پریشان کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اترکاشی میں مسجد مخالف مظاہرے میں مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ، ۴؍ پولیس اہلکار زخمی

ایک ہی جگہ کاروبار کرنے والے پھیری والوں کو ۲؍شفٹ کی علاحدہ پائوتی (رسید) دی جا رہی ہے ۔ صبح کی رسید ۹۰؍روپے ،شام کی رسید ۳۰؍روپے ہے،جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا ۔پہلے فیس کی رقم ۵۰؍روپے تھی ۔ جس سے یہاں کے پھیری والے پریشان ہوگئے ہیں ۔ روزانہ ۱۲۰؍ روپے نہ دینے کی صورت میں پائوتی دینے والے پھیری والوں کا سامان پھینک دیتے ہیں، ان کے خوانچے پلٹ دیتے ہیں ۔ان سے بدتمیزی کرتےہیں ، دھندہ نہ لگانےدینے کی دھمکی دیتے ہیںاور بائونسروں کے ذریعے پھیری والوں کو ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔‘‘
ان دونوں ذمہ داران نے یہ بھی بتایا کہ ’’میرابھائند ر مہانگرپالیکا نے تقریباً ۳؍سال قبل پھیری والوں کا سروے کرایا تھا ،جس کی رپورٹ کے مطابق تقریباً ۸؍ہزار پھیری والوں کو لائسنس دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ۳؍سال گزر جانے کے باوجود لائسنس نہیں دیا گیا ہے اور نہ ہی لائسنس بنانے کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جن پھیری والوں کا سروے کیا گیا ہےانہیں لائسنس دیا جائےورنہ جب تک لائسنس نہیں بنتا ہم پائوتی والی فیس ادا نہیں کریں گے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: فلسطین حامی احتجاج کیلئے ہارورڈ لاء اسکول نے ۶۰؍طلبہ پر پابندی عائد کی

میرابھائندر ٹائون وینڈنگ کمیٹی کے ان دونوں ممبران نے کہا کہ ’’ نجی کمپنی کے نمائندے ایک تو دوہری فیس وصول رہےہیں دوسرے جو پائوتی دے رہے ہیں وہ ہمارے کسی کام کی نہیں ہے ۔ ڈیڑھ انچ بائی ڈیڑھ انچ کی رسید پر صرف ٹوکن نمبر درج ہوتا ہے ۔ پائوتی پر پھیری والے کا نام اور پتہ کچھ بھی درج نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے اس رسید کی قانونی حیثیت نہیں ہوتی ۔ کس نے کب اور کہاں فیس ادا کی ،اس بارےمیں کچھ نہیں لکھا ہوتا ہے ۔ ہم چا ہتے کہ ہمیں بڑی رسید دی جائے جس میں پھیری والے اور اس کی جگہ کا نام ضرور درج ہو تاکہ مستقبل میں یہ رسید پھیری والے کے کام آسکے۔ ‘‘جن وادی ہاکرس سبھا ممبئی کے صدر کے نارائنن نے بتایاکہ’’میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کیلئے کام کرنے والے نجی ٹھیکیدار یہاں کے پھیری  والوںکو بہت پریشان کر رہے ہیں ، اس وجہ سے یہ میٹنگ بلائی گئی ہے۔  ہم نے فیصلہ کیاہے کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو جلد ہی بڑےپیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’مذکورہ کمپنی کے نمائندوں نے پھیری والوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر دوہری فیس نہیں دی گئی تو دیکھو یکم نومبر سے کیا ہوتاہے؟بین السطور انہوں نے دھندہ نہ لگانے دینے کی دھمکی دی ہے جس کے جواب میں پھیری والوں نے کہاہے کہ ہم جمہوری اعتبار سے اس  کا جواب دیں گے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK