• Tue, 26 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے ہم ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں ‘‘

Updated: November 26, 2024, 6:21 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سنی مسجد بلال میں میٹنگ میں مولانا سید معین میاں اور رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے سنبھل واقعہ کی سخت مذمت کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 دو ٹانکی میں واقع سنی مسجد بلال میں سنبھل کی جامع مسجد کے سروے کے معاملے پرتشدد اور اس میں ۴؍ افراد کی شہادت پر ہنگامی میٹنگ آل انڈیا سنی جمعیۃ العلما ءاور رضا اکیڈمی کی جانب سے منعقد کی گئی جس کی   صدارت  آل انڈیا سنی جمعیۃ العلما ء کے صدرمولانا سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی  نے کی اور قیادت   رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری (نائب صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء) نے کی ۔ میٹنگ میں کثیر تعداد میں علماء، ائمہ اور دانشوروں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے: مجلس اتحادالمسلمین نے کئی سیٹوں پر جم کر مقابلہ کیا لیکن صرف ایک سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی

  مولانا سیّد معین الدین اشرف عرف معین میاں نےسنبھل واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے ہم ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔یہ ایک سوچھی سمجھی سازش کا حصہ ہے ۔ قانون کے دائرے میں عبادت گاہوں کو بچانے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ سروے کا مطلب تشدد اور قتل نہیں ہے بلکہ پر امن طریقے سے اس کاحل نکالنا چاہئے تھا۔ انہوں نے  پیغام دیتے ہو ئے کہا کہ اب قوم کو متحد ہو نے کی سخت ضرورت ہے ۔فروعی مسائل میں نہ الجھ کرملی اورتعمیری کاموں پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ قوم کے لیڈران اور دانشوروں کو سر جوڑ کر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات سےملک کی سالمیت کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ جس مسجد کی یہ بات کر رہے ہیں، وہ سوسال پرانی ہے۔ انگریزوں کے دور میں مسجد کے حق میں فیصلہ آیا تھا۔ آج اس کا سروے کیا جارہا ہے ، کچھ متعصب یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مسجد کے نیچے مندر ہے۔ اگر صورتحال یہی رہی تو ہر مسلمان کے گھر کے نیچے  انہیں مندر دکھائی دےگا ۔ اب خاموش بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔  ضرورت پڑ نے پر قانونی کار روائی کرتے ہوئے ہم سڑکوں پر بھی اتر سکتے ہیں اور ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں ۔ بہت جلد جائے وقوع کا دورہ کر کے علمائے کرام شہید ہونے والے افراد کے گھر والوں سے ملاقات کریں گے ۔

یہ بھی پڑھئے: تھانہ: خاتون پر شوہر کو خودکشی پر مجبور کرنے کا الزام ، شکایت درج

حسینی اشرفی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا محمد عمر صوفی نے کہا کہ ایسے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس میٹنگ میں جو بھی لائحہ عمل تیا ر ہو گا، ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔سنی مسجد بلال کے خطیب وامام مولانا قاری مشتاق احمد تیغی، مولانا عبدالرحیم اشرفی، مولانا آسی اوردیگرعلماءاورائمہ نے مولانا معین میاں کے بیان کی تائیدو حمایت کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK