• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی ۴۰۰؍وکٹ لینے والےدنیا کے پہلے گیند باز

Updated: July 04, 2024, 11:44 AM IST | Mumbai

کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کے بہترین کرکٹرز کی ایک لمبی فہرست موجودہےجنہوں نے گیند بازی یا بلےبازی میں بہت شہرت حاصل کی۔

Famous cricketer Richard Headley. Photo - INN
مشہور کرکٹ کھلاڑی رچرڈ ہیڈلی۔ تصویرـ آئی این این

کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کے بہترین کرکٹرز کی ایک لمبی فہرست موجودہےجنہوں نے گیند بازی یا بلےبازی میں بہت شہرت حاصل کی۔لیکن اس فہرست میں شاید ہی کوئی ایسا کھلاڑی موجود ہو جس کے بے لوث کھیل کی دنیا گواہی دے سکے۔ ایک ایسا کھلاڑی جسے حریف ٹیم کےکھلاڑی بھی ’’جینٹل مین‘‘ کے نام سے پکارتے تھے۔ ریکارڈ تو بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن کھلاڑی کے کھیلنے کا انداز، شخصیت اور زندہ دلی ہمیشہ ایک جیسی رہتی ہے۔دنیا نیوزی لینڈ کےرچرڈ ہیڈلی کو ان کے ریکارڈ سے زیادہ ان کی شخصیت کوسلام پیش کرتی ہے۔نیوزی لینڈ کے اب تک کے عظیم ترین کرکٹرجن کا شمار کرکٹ کی دنیا کے فاسٹ باؤلرزمیں ہوتا ہےاس کی رفتار، درستگی اور مسلسل گیندبازی کی صلاحیت نے کیوی ٹیم یعنی نیوزی لینڈکو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ایک طویل عرصے تک انہوں نے اکیلے ہی نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کی باگ ڈور سنبھالی۔

یہ بھی پڑھئے: جے سوریہ: وہ کرکٹر جو پچ پر طوفان کی طرح آتا اور تباہی مچا کر چلا جاتا تھا

نیوزی لینڈ کے یہ لیجنڈ کرکٹر ۳؍جولائی ۱۹۵۱ءکو آکلینڈ میں پیدا ہوئے۔ ہیڈلی کے والد والٹر ہیڈلی نے نیوزی لینڈ کے لیے ۱۱؍  ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ان کی اہلیہ کیرن ہیڈلی نے بھی کیوی ٹیم کی نمائندگی کی۔ رچرڈ ہیڈلی کے کل ۵؍بھائی تھے جن میں سے بیری ہیڈلی اور ڈیرل ہیڈلی بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔ان کی کرکٹ کی تعلیم کم عمری میں شروع ہوئی، اور ۷۲۔ ۱۹۷۱ءمیںانہوں نے کینٹربری کے لیےآغاز کیا، جہاںانہوں نے اپنے بڑے بھائی ڈیل کے ساتھ نئی گیندکی زبردست شراکت قائم کی۔ تاہم، اُن دنوں ہیڈلی ایک شوخ کھلاڑی تھےجو تیز رفتاری کو نفاست سےزیادہ اہمیت دیتے تھے، ان کا رویہ ان  کے بے ڈھنگے،لمبے بالوں والی شکل سے مماثل تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے کنگ کوہلی کی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی ۵؍یادگار اننگز

ان کے مہلک،تیز، سائیڈ آن ایکشن گیند بازی نے اپنے دور کےتمام عظیم بلے بازوں کیلئے پریشانی پیدا کردی تھی۔ سررچرڈ جان ہیڈلی کا شمار نیوزی لینڈ کے بہترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ رچرڈ ہیڈلی ایک شاندار باؤلرتھے جن کا کنٹرول اور ذہانت حیرت انگیز تھی۔ ہندوستان کے خلاف ۹۰۔۱۹۸۹ءکی ہوم سیریز میں،ہیڈلی ۴۰۰؍ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تاریخ کےپہلے بولربن گئے جب انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میںسنجے مانجریکر کو آؤٹ کیا۔  انہوں نے۸۶؍ٹیسٹ میچوں میں ۴۳۱؍وکٹیں حاصل کیں۔
رچرڈ نے۸۶؍ٹیسٹ میچوں میں ۵۰ء۸؍ کے اسٹرائیک  ریٹ سے نہ صرف۴۳۱؍ وکٹ حاصل کئے بلکہ ۳۱۲۴؍ رن بھی بنائے۔ ہیڈلی ایک ہنر مندمڈل آرڈر بلے باز بھی تھے۔اس کے علاوہ ون ڈے میں ان کے نام۱۵۸؍وکٹ اور  ۱۷۵۱؍رنز بھی تھے۔ ہیڈلی نے اپنے باؤلنگ ایکشن کوعظیم آسٹریلیائی فاسٹ باؤلر ڈینس للی کی طرح بنایا۔ ہیڈلی دائیں ہاتھ کے تیزگیند باز تھے۔ شروع میں وہ بہت تیزگیند بازتھے لیکن جوں جوں وقت گزرتا گیا انہوں نے درستگی حاصل کی، وکٹ کے باہر اورہوا میں سوئنگ کرکے اور شہرت حاصل کی۔ شاید ان کی سب سے طاقتور ڈیلیوری اکثربغیر کھیلے جانے والا آؤٹ سوئنگر تھا، جو ان کے کیریئر کے آخری مراحل میں ان کا اہم ہتھیار بن گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK