• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ومبلڈن : دفاعی چمپئن وونڈروسووا کوجیسیکا نے شکست دی، جوکووچ اگلے راؤنڈ میں

Updated: July 05, 2024, 12:01 PM IST | London

ومبلڈن چمپئن شپ میں دفاعی چمپئن مارکیٹا وونڈروسووا پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوگئیں۔

Novak Djokovic is seen in action. Photo: INN
نوواج جوکووچ ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ومبلڈن چمپئن شپ میں دفاعی چمپئن مارکیٹا وونڈروسووا پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوگئیں۔دوسری طرف مردوں کے مقابلے میں سربیائی اسٹار نوواک جوکووچ نے اپنا میچ جیت لیا۔ چیک جمہوریہ کی مارکیٹا وونڈروسووا کو اسپین سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر۸۳؍ جیسیکا بوزاس مانیرو کے ہاتھوں۴۔۶، ۲۔۶؍ سے حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مارکیٹاو ونڈروسووا گزشتہ۳۰؍ برس میں پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہونے والی پہلی دفاعی چمپئن ہیں۔ اس سے قبل۱۹۹۴ء میں جرمن لیجنڈ اسٹیفی گراف ابتدائی راؤنڈ میں ہارنے والی آخری دفاعی چمپئن تھیں جنہیں لوری میک نیل کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی ۴۰۰؍وکٹ لینے والےدنیا کے پہلے گیند باز

جیسیکا بوزاس نے میچ میں کامیابی پر کہا کہ مارکیٹاوونڈروسووا کو شکست دینا میری زندگی اور کریئر کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہے کیونکہ وہ دنیا کی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اس لئے  میچ میں مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔واضح رہے کہ مارکیٹا وونڈروسووا گزشتہ ماہ برلن گراس کورٹ ٹورنامنٹ میں گرنے سے اپنے دائیں کولہے پر چوٹ لگنے کے بعد فٹنیس کے شکوک و شبہات کے ساتھ لندن پہنچی تھیں۔جیسیکا بوزاس کو آخری۳۲؍ میں جگہ بنانے کے لئے  رومانیہ کی اینا بوگڈان یا اپنی ہم وطن کرسٹینا بوکسا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھئے: بلڈ کینسر میں مبتلا انشومان گائیکواڑ کیلئے سندیپ پاٹل نے مالی تعاون کی اپیل کی

نوواک جوکووچ دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے
۲۴؍بارکے گرینڈ سلیم  چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ نے گراس کورٹ پر اپنی ماسٹر کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک جمہوریہ  کے وِٹ کوپریوا کو لگاتار سیٹس میں ۳۔۶، ۲۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دی اور ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ گھٹنے کی انجری کے باعث فرنچ اوپن سے دستبردار ہونے والے نوواک جوکووچ نے اپنی پہلی سرو پر۹۰؍ فیصد پوائنٹس حاصل ہوئے۔
اوساکا گاف بھی اگلے راؤنڈ میں 
جاپان کی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا نے ۶؍برسوں میں گرینڈ سلیم ومبلڈن میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی جب انہوں نے خواتین کے سنگلز زمرے کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے لئے  ڈیان پیری کو شکست دی۔ اوساکا نے پہلے راؤنڈ کے سخت مقابلے میں پیری کو۱۔۶، ۶۔۱، ۴۔۶؍ کے اسکور سے شکست دی۔ اوساکا ۵؍ سال تک ومبلڈن میں بھی نہیں کھیلی۔ اوساکا، دو بار یو ایس اور آسٹریلین اوپن کی فاتح ۲۰۱۹ءمیں پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد پہلی بار ومبلڈن میں مقابلہ کر رہی ہیں۔ دفاعی یو ایس اوپن چمپئ ن کوکو گف اور۲۰۲۱ء یو ایس اوپن کی فاتح ایما راڈوکانو بھی جیت درج کرنے میں کامیاب رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK