برطانوی-ہندوستانی فلمساز سندھیا سوری کی فلم "سنتوش"، اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور برطانیہ کی نمائندگی کررہی ہے۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 4:25 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
برطانوی-ہندوستانی فلمساز سندھیا سوری کی فلم "سنتوش"، اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور برطانیہ کی نمائندگی کررہی ہے۔
۹۷؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلمز کے زمرے میں ہندوستان کی آفیشل انٹری، "لاپتہ لیڈیز" آسکر ۲۰۲۵ء کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز (اے ایم پی اے ایس) نے بدھ کو اعلان کیا کہ کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بنی ہندی فلم ۱۵ فیچرز کی شارٹ لسٹ کا حصہ نہیں ہے۔ "لاپتہ لیڈیز" کی کہانی ۲۰۰۰ء کی دہائی کے اوائل میں دیہی ہندوستان میں دو دلہنوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی شادی کے دن ٹرین کے سفر کے دوران بدل جاتی ہیں۔ اس میں نتانشی گوئل اور پرتیبھا رانتا نے بالترتیب پھول اور جیا کے کردار ادا کئے ہیں اور سپارش شریواستو دولہے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
۱؍ مارچ ۲۰۲۴ء کو ریلیز ہوئی "لاپتہ لیڈیز" کو ستمبر میں فلم فیڈریشن آف انڈیا (ایف ایف آئی) کی جانب سے متفقہ طور پر ۲۹؍ فلموں کے درمیان، آسکر کے لئے ہندوستان کی باضابطہ انٹری کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ اس دوڑ میں بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم "جانور"، نیشنل ایوارڈ یافتہ ملیالم فلم "آتم" اور کانز کی فاتح "آل دیٹ وی کین اِمیجن" شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پشپا ۲؍مقامی باکس آفس پر ایک ہزار کروڑ روپے کا ہندسہ پار کرنے کے قریب
برطانیہ کی ہندی فلم منتخب
دلچسپ بات یہ ہے کہ برطانوی-ہندوستانی فلمساز سندھیا سوری کی فلم "سنتوش"، اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور برطانیہ کی نمائندگی کررہی ہے۔ یہ فلم ایک نئی بیوہ گھریلو خاتون کے گرد گھومتی ہے جو اپنے آنجہانی شوہر کی جگہ پولیس کانسٹیبل کی ملازمت حاصل کرتی ہے اور ایک نوجوان لڑکی کے قتل کی تحقیقات میں الجھ جاتی ہے۔
آسکر میں ہندوستان کی سابقہ نامزدگیاں
عامر خان کی فلم "لگان"، آسکر ۲۰۰۲ء میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں سر فہرست پانچ نامزدگیوں میں داخل ہونے والی آخری ہندوستانی فلم تھی۔ اس سے قبل صرف دو فلمیں، نرگس کی فلم ’مدر انڈیا‘ اور میرا نائر کی `سلام بمبئی` فائنل فائیو میں جگہ بنا سکی ہیں۔ گزشتہ سال، ایس ایس راجامولی کی تیلگو ایکشن فلم "آر آر آر" کے گانے "ناٹو ناٹو" نے بہترین اوریجنل گانے کے زمرے میں اکیڈمی ایوارڈ جیتا تھا۔ مونگا کی سکھیا انٹرٹینمنٹ کی "دی ایلیفنٹ وسپرر" نے بہترین دستاویزی مختصر فلم کے زمرے میں آسکر جیتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: رنبیر کپور کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئیں تو لگا کہ میرا کریئر ختم ہوگیا: ماہرہ خان
فلم فیڈریشن آف انڈیا پر چوطرفہ تنقید
آسکر ۲۰۲۵ء ملک کی نمائندگی کے لئے منتخب کردہ ہندوستانی فلم لاپتہ لیڈیز کے دوڑ سے باہر ہو جانے کے بعد ایف ایف آئی، ایک بار پھر ٹرولنگ اور تنقید کی زد میں ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے فیڈریشن کی ۱۳ رکنی جیوری میں ایک بھی خاتون نہ ہونے پر تنقید کی اور اسے فلم کے پیغام کے مخالف قرار دیا۔
لاپتہ لیڈیز کے آسکر ۲۰۲۵ء سے باہر ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، فلمساز ہنسل مہتا نے طنزیہ انداز میں لکھا، فلم فیڈریشن آف انڈیا نے دوبارہ ایسا کیا! ان کا اسٹرائیک ریٹ اور سال بہ سال فلموں کا انتخاب بے عیب ہوتا ہے۔
تین بار گریمی ایوارڈ جیتنے والے رکی کیج نے پوسٹ کیا، "آسکر کی شارٹ لسٹ ظاہر کردی گئی ہے۔ `لاپتہ لیڈیز` ایک بہت اچھی، تفریحی فلم ہے، میں اس سے لطف اندوز ہوا۔ لیکن اس فلم کو بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے کے لئے ہندوستان کی نمائندگی کیلئے منتخب کرنا، بالکل غلط فیصلہ تھا اور توقع کے عین مطابق، فلم شارٹ لسٹ میں جگہ نہیں بنا پائی۔ ہمیں کب احساس ہو گا کہسال بہ سال، ہم غلط فلموں کا انتخاب کر رہے ہیں. جبکہ ہر سال کئی بہترین فلمیں بنتی ہیں۔ ہمیں ہر سال بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری جیتنی چاہیے! نیچے لاپتا لیڈیز کا پوسٹر ہے، مجھے یقین ہے کہ اکیڈمی کے زیادہ تر ووٹنگ ممبران نے صرف اسے دیکھ کر فلم کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مجھے نہیں معلوم کہ ’’مہابھارت‘‘ ہوگی یا نہیں: عامر خان کا انکشاف
عامر خان اور ٹیم کا ردعمل
`لاپتہ لیڈیز` کے پروڈیوسر عامر خان پروڈکشنز، جیو اسٹوڈیوز اور کنڈلنگ پروڈکشنز نے آسکر ۲۰۲۵ء کی دوڑ سے فلم کے باہر ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فلم پروڈیوسرز نے اعتراف کیا کہ وہ اس بات سے مایوس ہیں۔
پروڈیوسز نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ `لاپتہ لیڈیز`، اس سال اکیڈمی ایوارڈز کی شارٹ لسٹ میں جگہ نہیں بنا سکی جس سے ہم یقیناً مایوس ہیں۔ لیکن ہم اس پورے سفر کے دوران ملی ناقابل یقین حمایت اور یقین کے لئے بے حد شکر گزار ہیں۔ ہم عامر خان پروڈکشنز، جیو اسٹوڈیوز اور کنڈلنگ پروڈکشنز، ہماری فلم پر غور کرنے کے لئے اکیڈمی کے اراکین اور ایف ایف آئی جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دنیا بھر کی چند بہترین فلموں کے ساتھ اس باوقار عمل میں شامل ہونا اپنے آپ میں ایک اعزاز ہے۔ ہم دنیا بھر کے تمام ناظرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہماری فلم کے لئے اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔ پروڈیوسرز نے شارٹ لسٹ کی گئی تمام ٹاپ ۱۵ فلموں کی ٹیموں کو مبارکباد پیش کیں اور ایوارڈز کے اگلے مراحل میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۴ء میں سب سے زیادہ سرچ کی گئی فلم، ویب سیریز، شخصیت، نام، ٹی وی شوز، وغیرہ
اکیڈمی کی شارٹ لسٹ کردہ فلمیں
اکیڈمی کے مطابق، ۸۵ ممالک نے ایسی فلمیں جمع کروائی تھیں جو ۹۷؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لئے بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں غور کے لئے اہل تھیں۔ ذیل میں بہترین بین الاقوامی فیچر کے زمرے میں شارٹ لسٹ کی گئی فلموں کے نام، ان کے پروڈیوسر اور ملک سمیت پیش کئے جارہے ہیں۔
۱. آرمنڈ - آئی ایف سی فلمز - ناروے
۲۔ داہومی - موبی - سینیگال
۳۔ ایمیلیا پیریز - نیٹ فلکس - فرانس
۴۔ فلو - جانس فلمز اور سائڈشو - لیٹویا
۵۔ فرام گراؤنڈ زیرو - نو یو۔ایس ڈسٹری بیوشن - فلسطین
۶۔ دی گرل وِد دی نیڈل - ویل گو یو۔ایس۔اے انٹرٹینمنٹ - ڈنمارک
۷۔ ہاؤ ٹو میک ملینس بی فور گرینڈما ڈائز - ویل گو یو۔ایس۔ اے انٹرٹینمنٹ - تھائی لینڈ
۸۔ آئی ایم اسٹل ہیئر - سونی پکچرز کلاسکس - برازیل
۹۔ نی کیپ - سونی پکچرز کلاسکس - آئرلینڈ
۱۰۔ سنتوش - میٹوگراف پکچرز - مملکت متحدہ
۱۱۔ دی سیٖڈ آف دی سیکریڈ فِگ - نیون - جرمنی
۱۲۔ ٹچ - فوکس فیچرز - آئس لینڈ
۱۳۔ یونیورسل لینگویج - آس سیلو اسکوپ لیباریٹریز - کنیڈا
۱۴۔ وَیوز - نو یو۔ایس ڈسٹری بیوشن - چیک جمہوریہ
۱۵۔ ورمیگلیو - جانس فلمز - اٹلی
اگلے مرحلہ میں، ان میں سے صرف پانچ فلمیں آسکر ۲۰۲۵ء کی مرکزی فہرست میں جگہ بنائیں گی۔ آسکر ایوارڈز کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان ۱۷ جنوری کو کیا جائے گا۔