گیٹس نے اے آئی سے جڑے "مسائل کو حل کرنے" اور "جدت کو آگے بڑھانے" کے امکانات پر زور دیا۔ اوبامہ نے خبردار کیا کہ اے آئی کی بدولت ہونے والا آٹومیشن جلد ہی تمام شعبوں کی ملازمتوں پر اثر انداز ہوگا۔
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 10:02 PM IST | Inquilab News Network | Washington
گیٹس نے اے آئی سے جڑے "مسائل کو حل کرنے" اور "جدت کو آگے بڑھانے" کے امکانات پر زور دیا۔ اوبامہ نے خبردار کیا کہ اے آئی کی بدولت ہونے والا آٹومیشن جلد ہی تمام شعبوں کی ملازمتوں پر اثر انداز ہوگا۔
مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ نے حال ہی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے متعلق اپنے سنگین خدشات کا اظہار کیا اور اس کے عالمی سطح پر ملازمتوں کے بازار کو بڑے پیمانے پر متاثر کرنے کے امکانات سے خبردار کیا۔ دونوں شخصیات کا ماننا ہے کہ آنے والے برسوں میں اے آئی لاکھوں ملازمتوں کی جگہ لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بے روزگاری گزشتہ ۱۰۰ برسوں میں نہیں دیکھی گئی۔ گیٹس نے کہا کہ ڈاکٹروں اور اساتذہ جیسی نایاب ذہانت، جو فی الحال نادر سمجھی جاتی ہے، اے آئی کے ذریعے مفت اور سب کیلئے قابل رسائی ہوگی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ "اے آئی کچھ حد تک خوفناک ہے"۔ گیٹس نے اس سے جڑے "مسائل کو حل کرنے" اور "جدت کو آگے بڑھانے" کے امکانات پر بھی زور دیا۔ اوبامہ نے ایک الگ موقع پر خبردار کیا کہ اے آئی سے چلنے والی آٹومیشن جلد ہی تمام شعبوں کی ملازمتوں پر اثر انداز ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ اس تبدیلی سے لوگوں کو یہ سوچنا پڑے گا کہ وہ اپنی روزی روٹی کیسے کمائیں گے۔
بل گیٹس نے کیا کہا؟
بل گیٹس نے آنے والے اے آئی دور کو ایک ایسے دور کے طور پر بیان کیا جو معاشرے کے ذہانت کو دیکھنے کے طریقے کو بنیادی طور پر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ایک ایسے دور میں داخل ہورہے ہیں جہاں نایاب ذہانت مثلاً عظیم ڈاکٹرز اور اساتذہ کی خدمات، اے آئی کی بدولت، اگلے عشرے میں مفت اور عام ہو جائے گی۔ گیٹس نے اے آئی کے میدان میں جدت کو آگے بڑھانے کے امکانات کو تسلیم کیا لیکن ساتھ ہی اس کے ساتھ آنے والی غیر یقینی صورتحال کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، "یہ کچھ حد تک خوفناک ہے۔"
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انسانی کردار اب بھی ضروری ہوگا، انہوں نے وضاحت کی، "ہمیں فیصلہ کن طاقت حاصل ہوگی۔ جیسے بیس بال، ہم نہیں چاہتے کہ کمپیوٹرز بیس بال کھیلیں۔ کچھ چیزیں ایسی ہوں گی جو ہم اپنے لئے محفوظ رکھیں گے۔ لیکن چیزیں بنانے، انہیں منتقل کرنے اور خوراک اگانے جیسے میدانوں میں، وقت کے ساتھ اے آئی (کا رول بڑھ جائے گا اور وہ) بنیادی طور پر مسائل حل کرے گی۔"
براک اوبامہ نے کیا کہا؟
اوبامہ نے بھی اے آئی کی تیز رفتار ترقی کو اجاگر کیا اور اسے ماضی کی کسی بھی تکنیکی تبدیلی سے زیادہ اثر انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "جتنی گہری دیگر ٹیکنالوجیز تھیں، اے آئی اس سے زیادہ اثر انگیز ہوگی جو تیزی سے ان کی جگہ لے گی۔ کچھ حد تک، یہ خودکاری کی طرف اس طویل رجحان کے سلسلہ کا ایک حصہ ہے لیکن اے آئی صرف مینوفیکچرنگ یا روبوٹک ہتھیاروں کے استعمال کو خودکار نہیں کرے گی۔ اب ہم ان ماڈلز اور ایسے پلیٹ فارمز کو دیکھ رہے ہیں جو واقعی اعلیٰ سطح کا فکری کام انجام دینے کے قابل ہیں جیسا ہم سوچتے ہیں۔"
اوبامہ نے نوٹ کیا کہ موجودہ اے آئی ماڈلز پہلے ہی سافٹ ویئر ڈیولپرز کی اکثریت سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے ہی، موجودہ اے آئی ماڈلز ۶۰، ۷۹ فیصد پیشہ ور کوڈرز سے بہتر کوڈنگ کر سکتے ہیں۔ مستقبل میں اے آئی ایسی اعلیٰ مہارت والی اور اچھی تنخواہ والی ملازمتوں جگہ لے لے گا۔ یہ ملازمتیں تاحال سلی کان ویلی میں غالب رہی ہیں لیکن اے آئی کی بدولت اس کا بڑا حصہ ختم ہو جائے گا۔
اوبامہ نے وضاحت کی کہ اگرچہ اعلیٰ پیشہ ور افراد اپنے کام کو بہتر بنانے کیلئے اے آئی کا استعمال کریں گے لیکن معمول کی ملازمتیں مکمل طور پر ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے زور دیا، "یہ ہو سکتا ہے کہ اب نہ صرف نیلے کالر والے ملازمین (ہنرمند اور کاریگر افراد) اور فیکٹری کارکن سمیت ہر ایک کو یہ سوچنا پڑے گا کہ مجھے ملازمت کہاں ملے گی؟ میں اپنے خاندان کیلئے کافی آمدنی کیسے حاصل کروں گا؟" انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو کچھ سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا، مثلاً، ہم بڑی تعداد میں اشیاء تیار کررہے ہیں تو انہیں کیسے تقسیم کریں؟ اور کیا منصفانہ ہے اور کیا نہیں؟ اور ہم اپنی زندگیوں میں مقصد اور معنی کیسے حاصل کریں؟
یہ بھی پڑھئے: عرب ممالک نے اسرائیلی آباد کاروں کی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو کی شدید مذمت کی
سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
گیٹس اور اوبامہ کے ویڈیوز، جن میں انہوں نے اے آئی کے انضمام کی وجہ سے تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے خاتمے کی تنبیہ کی ہے، پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے پوچھا، "لیکن کیا یہ واقعی وہی مستقبل ہے جو ہم چاہتے ہیں؟ کیا مشینیں واقعی حفظان صحت اور تعلیم کے میدان میں انسانی رابطے کی جگہ لے سکتی ہیں؟" ایک اور نے پوچھا، "سوال یہ ہے کہ وہ کون سے محفوظ اور سب سے زیادہ منافع بخش ہنر ہوں گے جو مانگ میں رہیں گے؟" تیسرے نے کہا، "بالکل اسی طرح جیسے اخبارات اور رسائل کو انٹرنیٹ نے بدل دیا!" ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، "حفظانِ صحت اور تعلیم کے مستقبل کیلئے ایک تشویشناک پیش گوئی ہے۔" ایک صارف نے پوسٹ کیا، "اوبامہ کی جانب سے اٹھایا گیا ایک سنگین خدشہ۔ کیا دنیا اس کیلئے تیار بھی ہے؟" ایک اور ایکس صارف نے پوسٹ کیا، "شہر کی ایک فارمیسی میں پہلے سے ہی ایک روبوٹ نسخے تجویز کر رہا ہے!"