شندے سینا کے ایم ایل اے مرجی پٹیل کی شکایت پر کامرا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پٹیل نے کامرا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: March 24, 2025, 6:04 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
شندے سینا کے ایم ایل اے مرجی پٹیل کی شکایت پر کامرا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پٹیل نے کامرا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
معروف کامیڈین اور پالیٹیکل سٹائرسٹ کنال کامرا نے ممبئی کے کھار میں واقع ہیبی ٹیٹ میں اپنے حالیہ اسٹینڈ اپ کامیڈی شو میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر طنز کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو "تاناشاہ" (آمر) اور "دوغلا" (منافق) کہا اور اپنے سیاسی طنز کو موسیقی کے ذریعے پیش کیا۔ کامرا نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم بادشاہ کے مشہور گانے "بادشاہ او بادشاہ" کو پیروڈی میں تبدیل کرکے وزیر اعظم پر طنز کیا۔ "دوغلا ہوں میں، کھوکھلا بھی ہوں، کھاتا روز میں ڈھوکلا بھی ہوں / اسکیمیں چُرانا، اپنا بتانا، اسکیمیں چُرانا، اپنا بتانا، بس یہی میرا قصور / ڈگری میں اپنی دکھاتا نہیں، نوکری کسی کی لگاتا نہیں۔"
کامرا نے گانے کے کورس میں "تاناشاہ او تاناشاہ، تاناشاہ او تاناشاہ..." دہرایا۔ انہوں نے امیت شاہ، دنگوں اور ای وی ایم مشینوں کا ذکر بھی کیا: "چاروں طرف ہیں میرے ہی چمچے، ای وی ایم پہ بس میرا نام / لاشوں سے اوپر اُٹھا کریئر، پیچھے میرے ہے امیت شاہ۔" کامرا نے وزیر اعظم مودی اور اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے مشہور میم کا حوالہ دیتے ہوئے مزید طنز کیا:" جھوٹی کہانی سچی لگے، میلونی تُو مجھے اچھی لگے۔"
ایکناتھ شندے پر طنز
اتوار کو یوٹیوب پر اپلوڈ کی گئی ویڈیوز میں کامرا نے فلمی گانے کی پیروڈی کے ذریعے شندے کو بالواسطہ طور پر "غدار" کہا۔ ان کے تبصرے شندے کی ۲۰۲۲ء میں ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت اور مہاراشٹر کی سیاسی ہلچل کی طرف اشارہ کرتے تھے۔ اگرچہ کامرا نے شندے کا نام واضح طور پر نہیں لیا، لیکن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ کامرا نے مہاراشٹر کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "مہاراشٹر کے انتخابات میں جو کچھ ہوا... شیوسینا بی جے پی سے الگ ہوئی، پھر شیوسینا نے خود کو چھوڑ دیا۔ این سی پی نے این سی پی کو چھوڑ دیا۔ ایک ووٹر کو ۹ بٹن دے دیئے گئے، سب الجھ گئے۔ یہ سب ایک چالاک آدمی نے کیا، جو ممبئی کے ایک مشہور ضلع تھانے سے آتا ہے۔"
اس کے بعد کامرا نے ایک اور طنزیہ گیت گایا:
"تھانے کی رکشہ، چہرے پہ داڑھی، آنکھوں پہ چشمہ، ہائے!
ایک جھلک دکھلائے، کبھی گوہاٹی میں چھپ جائے۔
میری نظر سے تم دیکھو، "غدار" نظر وہ آئے۔
منٹری نہیں وہ دَل بدلو ہے، اور کہاں کیا جائے؟
جس تھالی میں کھائے، اس میں ہی وہ چھید کر جائے۔
منترالیہ سے زیادہ، فرنویس کی گود میں مل جائے۔
تیر کمان ملا ہے اس کو، باپ میرا یہ چاہے!"
کامرا کے اس طنزیہ انداز پر سیاسی حلقوں سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بابر کے نام پر مسلمانوں کو کوسنے والوں کو سماجوادی پارٹی کا منہ توڑ جواب
کامرا اور شیوسینا کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر
ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے حامیوں نے اتوار کو دی ہیبی ٹیٹ پر حملہ کر دیا جہاں کامرا کا شو منعقد ہوا تھا۔ شندے سینا کے ایم ایل اے مرجی پٹیل کی شکایت پر کامرا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ پٹیل نے کامرا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب، شندے سینا کی یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری اور ۴۰ دیگر افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی، جنہوں نے دی ہیبی ٹیٹ میں توڑ پھوڑ کی تھی۔
دی ہیبی ٹیٹ نے اس حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "آرٹسٹ اپنے خیالات اور تخلیقی انتخاب کے خود ذمہ دار ہیں۔ ہم کسی بھی فنکار کے مواد میں مداخلت نہیں کرتے۔ دی ہیبی ٹیٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ مقام عارضی طور پر بند رہے گا۔
وزیر اعلیٰ فرنویس کا معافی کا مطالبہ
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بیان دیا کہ کامیڈین کنال کامرا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی توہین کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامرا کو شندے پر طنز کرنے پر معافی مانگنی چاہئے کیونکہ ایسے بیانات کو "آزادیٔ اظہار" کے نام پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرنویس نے کہا کہ کامرا کے خلاف کارروائی اس لئے کی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر "عوامی رائے اور بالاصاحب ٹھاکرے کی نظریات" کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا، "کامرا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔"
فرنویس نے مزید کہا، "اسٹینڈ اپ کامیڈی کرنے کی آزادی ہے لیکن وہ جو چاہے نہیں کہہ سکتے۔ مہاراشٹر کے عوام نے فیصلہ کردیا ہے کہ غدار کون ہے۔ کامرا کو معافی مانگنی چاہئے، یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہیں کامیڈی کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن اگر یہ جان بوجھ کر ہمارے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو بدنام کرنے کیلئے کی جا رہی ہے، تو یہ درست نہیں ہے۔" فرنویس نے ایکناتھ شندے کی حمایت کرتے ہوئے کہا، "عوام نے ۲۰۲۴ء کے اسمبلی انتخابات میں ہمیں ووٹ دیا اور حمایت کی۔ جو غدار تھے، انہیں عوام نے گھر بھیج دیا۔ عوام نے مینڈیٹ اور بالاصاحب ٹھاکرے کی نظریات کی توہین کرنے والوں کو ان کی جگہ دکھا دی۔ مزاح کرنا ایک چیز ہے، لیکن توہین آمیز بیانات دینا قابل قبول نہیں۔ کوئی بھی دوسروں کی آزادی اور نظریات پر حملہ نہیں کر سکتا۔ اسے آزادیٔ اظہار نہیں کہا جا سکتا۔"
یہ بھی پڑھئے: چھگن بھجبل کا خطاب ، کہا کہ انٹیلی جنس فیل ہورہی ہے، قانون ہاتھ میں لیا جارہا ہے
اجیت پوار کی محتاط رائے
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "... میں نے ہمیشہ دیکھا ہے کہ کسی کو بھی قانون، آئین اور قواعد سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے۔ سبھی کو اپنے حقوق کے دائرے میں رہ کر بات کرنی چاہئے۔ اختلافِ رائے ہو سکتا ہے لیکن یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ ان کے بیانات کی وجہ سے پولیس کو مداخلت نہ کرنی پڑے۔"
سیاسی لیڈران کا ردعمل
شیوسینا (شندے گروپ) کے لیڈر نریش مہاسکے نے کامرا کو دھمکی دیتے ہوئے انہیں "کرائے کا کامیڈین" قرار دیا اور نتائج بھگتنے کی وارننگ دی۔ انہوں نے کہا، "وہ (کامرا) ہمارے لیڈر (شندے) پر پیسوں کیلئے تبصرہ کر رہا ہے۔ کامرا تو دور، وہ مہاراشٹر تو کیا، ہندوستان میں بھی آزادانہ گھوم نہیں سکتا، شیوسینک اسے اس کی اوقات دکھائیں گے۔" مہاسکے نے مزید کہا، "ہم بالا صاحب ٹھاکرے کی نظریات پر عمل کرتے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کامرا کو کہیں بھی آزادی نہ ملے۔ وہ اپنی غلطی کی معافی مانگنے پر مجبور ہوگا۔"
سنجے نروپم نے کامرا کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: "کل کریں گے کنال کامرا کی دھلائی، ۱۱ بجے۔" کرشنا ہیگڑے نے بیان دیا:"ممبئی پولیس کو کامرا کو گرفتار کرنا چاہئے۔ اسے جیل میں ڈالنا چاہئے۔ جو کچھ اس نے ایکناتھ شندے کے بارے میں کہا، وہ مہاراشٹر کے عوام کیلئے توہین آمیز ہے۔ کوئی پارٹی کارکن اسے برداشت نہیں کرے گا۔"
یہ بھی پڑھئے: ’ وقف بل آئین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر حملہ ہے‘
دوسری طرف، شیوسینا (ادھو گروپ) کے لیڈران نے کامرا کی حمایت کی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلی قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا، "منڈھے (شندے) کی بزدل جماعت نے اس اسٹیج پر حملہ کیا جہاں کنال کامرا نے ایکناتھ منڈھے پر گانا گایا، جو سو فیصد سچ تھا۔ صرف ایک غیر محفوظ اور بزدل انسان ہی ایک گانے پر ایسا ردعمل دے سکتا ہے۔" سنجے راوت نے کامرا کی ویڈیو کو ایکس پر دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: "کنال کا کمال، جے مہاراشٹر!" ایم پی پرینکا چترویدی نے فرنویس پر طنز کرتے ہوئے لکھا: "فرنویس جی، وزیر داخلہ کو اپنے اتحادی ساتھی پر فخر ہونا چاہئے!"
سماج وادی پارٹی کی ایم پی جیا بچن نے اس معاملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "اگر بولنے پر پابندی ہوگی، تو آپ کا کیا ہوگا؟ پہلے ہی آپ کی حالت خراب ہے۔ آپ کو صرف مخصوص موضوعات پر بولنے کیلئے کہا جائے گا۔ آزادیٔ اظہار کہاں ہے؟ جب اپوزیشن کو مارا جائے، خواتین کے ساتھ زیادتی کی جائے، قتل کئے جائیں، تب ہی آزادی نظر آتی ہے؟ آپ (ایکناتھ شندے) نے اپنی اصل پارٹی چھوڑ دی اور اقتدار کیلئے دوسری پارٹی بنالی۔ کیا یہ بالاصاحب کی توہین نہیں؟"