سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک، ترکی، پاکستان اور دیگر ملکوں میں ایک طرف مساجد میں مجمع دوسری طرف عید کے خصوصی بازاروں میں زبردست بھیڑ ۔
EPAPER
Updated: March 28, 2025, 3:29 PM IST | Riyadh
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک، ترکی، پاکستان اور دیگر ملکوں میں ایک طرف مساجد میں مجمع دوسری طرف عید کے خصوصی بازاروں میں زبردست بھیڑ ۔
رمضان المبارک کے آخری دنوں میں عالم اسلام میں عید کی تیاریاں زوروں پر پہنچ گئی ہیں۔ چونکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، یمن سمیت تمام خلیجی و اسلامی ممالک میں اتوار کو عید ہونے کا قوی امکان ہے اس لئے یہاں کے روایتی عید بازاروں میں اس وقت زبردست بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔ عیدالفطر کی تقریبات کیلئے نئے کپڑوں، جوتوں اور لوازمات کی خریداری کے لئے شہریوں کا بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں ہجوم ہے۔ ریاض( سعودی عرب) کے ایک دکاندار نے کہا کہ ہمارے پاس عید کا بھرپور اسٹاک موجود ہے۔ عید کی خریداری کے دوران بازار بہت پر ہجوم اور رواں دواں ہیں ، خریداری دوستوں اور خاندان والوں سے ملنے کا بھی ایک بہترین وقت ہے۔ اسی لئے ہم مختلف اور پرکشش آفرس کے ساتھ گاہکوں کو رجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کچھ دکانداروں نے اگر ریڈی میڈ کپڑوں کا سیل لگایا ہے تو کہیں بھی جوتے، چپل اور دیگر لوازمات کا سیل ہے۔ غرض گاہکوں کی ضرورت اور پسند کے لحاظ سے تمام چیزیں پیش کی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: تھائی لینڈ، میانمار میں ۷ء۷؍ شدت کا زلزلہ، عمارتیں زمین بوس
اس مرتبہ رمضان کے روزے ۲۹؍ ہی ہونے کے قوی امکان کے مدنظر کثیر تعداد میں لوگوں کا ہجوم خریداری کرنے کیلئے بازاروں میں نظر آرہا ہے، بازاروں میں لوٹی رونق کو لے کر دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ رونق اس مرتبہ ہے۔ بحرین سٹی میں عید الفطر کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، شہریوں کے تعاون سے ہر سال کی طرح اس سال بھی عیدالفطر امن وامان کے ساتھ منائی جائے گی۔ انتظامیہ کی طرف سے احتیاطی طور پر سیکوریٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ بازاروں میں خاص طور پر زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: روسی صدر ولادیمیر پوتن جلد ہی ہندوستان کا دورہ کریں گے
راولپنڈی کے بازار میں خریداری کرنے آئیں خواتین نے کہا کہ اگرچہ آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمس نے بہت سے لوگوں کیلئے روزے کی حالت میں گھروں میں بیٹھ کر خریداری کرنا آسان بنا دیا ہے لیکن پھر بھی عید کی خریداری کے لئے بازار جا نے کا اپنا ہی ایک مزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ عام طور پر رمضان کے وسط تک کپڑے اور جوتے خریدنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ عید سے پہلے آخری چند دنوں میں تمام اچھی چیزیں بک جاتی ہیں جبکہ درزی بھی رمضان کے آخری ہفتے میں آرڈر لینا چھوڑ دیتے ہیں اس کے باوجود عید بازاروں میں چاند رات تک ہجوم رہتا ہے۔ کسی نہ کسی کی تیاری باقی رہ ہی جاتی ہے۔ بہرحال یہ تیاریاں آخری وقت تک جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور یورپ میں بچے برآمد کرنے والے ملک جنوبی کوریا کا دھوکہ دہی کا اعتراف
واضح رہے کہ امسال خلیجی ممالک میں سنیچر کو چاند نظر آنے اور اتوار کو عید الفطر کا تہوار ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ بر صغیر خاص طور پر ہندوستان میں چاند اتوار کو نظر آنے کا امکان ہے۔ اسی لحاظ سے ان ممالک میں زور دار تیاریاں ہو رہی ہیں۔ خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سنیچر کو چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔ حالانکہ چاند کا حتمی اعلان وہاں کی سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کی جانب سے ہی کہا جائے گا۔ یہاں پر بھی چاند دیکھنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ماہرین فلکیات کےاندازوں کے مطابق سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک میں چاند ۲۹؍ رمضان کو نظر آجائے گا اور وہاں اتوار کو عید ہو گی۔