• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جموں کشمیر: سری نگر کے سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ حملہ، دو خواتین سمیت ۱۲؍ شہری زخمی

Updated: November 03, 2024, 5:36 PM IST | Srinagar

جموں کشمیر کےسری نگر کے مشہور سنڈے مارکیٹ میں دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور شہر بھر میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عمر عبداللہ نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

Security forces have been increased after the grenade blast. Photo: PTI.
گرینیڈ دھماکے کے بعد سیکوریٹی فورسیز میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے معروف سنڈے مارکیٹ میں اتوار کی دوپہر ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت۱۲؍ شہری زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ شہر کے وسط میں واقع ریڈیو کشمیر کے نزدیک ہوا جہاں لوگوں کا ہجوم خریداری میں مصروف تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے سیکوریٹی فورسیزکو نشانہ بنانے کی کوشش میں گرینیڈ پھینکا، تاہم گرینیڈ ہدف سے چوک کر بازار کے وسط میں پھٹ گیا جس سے قریب موجود لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد بازار میں افرا تفری پھیل گئی اور لوگ خوف کے عالم میں محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ موقع پر موجود کچھ افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جبکہ دیگر افراد کی حالت بھی مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اکتوبر۲۰۲۴ء، گزشتہ ۱۲۳؍ برسوں میں ہندوستان کا گرم ترین اکتوبر رہا: محکمہ موسمیات

دھماکے کے فوراً بعد سیکوریٹی فورسیز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا عمل شروع کر دیا۔ اس دوران آس پاس کے تمام علاقوں میں سیکوریٹی فورسیز نے پوزیشن سنبھال لی اور داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا۔ حکام نے اس حملے کو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے حملے سیکورٹی صورتحال کو خراب کرنے کی سازش ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سری نگر میں اس حملے کے بعد اضافی سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور شہر بھر میں اہم مقامات پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ مزید براں، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشکوک افراد پر نظر رکھی جا رہی ہے اور حملے میں ملوث افراد کی شناخت کرنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیاں تعاون کر رہی ہیں تاکہ جلد از جلد ذمہ داروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سری نگر میں سیکوریٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں، تاہم،اس واقعےسے شہریوں میں خوف و ہراس ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: تلنگانہ ذات پر مبنی مردم شماری: راہل گاندھی کا ۵؍نومبر کو حیدرآباد دورہ

عام شہریوں پر گرینیڈ حملہ انتہائی پریشان کن :عمر عبداللہ
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سنڈے مارکیٹ میں ہوئے گرینیڈ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عام شہریوں پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وادی میں ملی ٹینٹ حملے اور انکاونٹر ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج سنڈے مارکیٹ میں بے گناہ خریداروں پر گرینیڈ حملے کی تشویشناک خبر آئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا لہٰذا ان حملوں پر فوری طورروک لگانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ بغیر کسی خوف اور ڈر کے اپنی زندگی گزار سکیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ کیخلاف کنیڈا کے الزامات بے بنیاد، کنیڈین ہائی کمیشن کو طلب کیا گیا

سری نگر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا
سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ حملے کے بعد سری نگر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا، پورے شہر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا جہاں پر موٹر سائیکل سواروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ معلوم ہواہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے میں اضافی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سری نگر کے سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ حملے کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میں چے چپے پر ناکہ پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تلاشی لی جارہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK