• Thu, 14 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن: مہایوتی امیدواروں کی دولت میں ۱۷؍ گنا اضافہ

Updated: November 12, 2024, 10:01 PM IST | Mumbai

ممبئی ووٹس ڈاٹ کام کی تحقیق کے مطابق ۲۰۱۹ء کے مقابلے میں ۲۰۲۴ء میں مہایوتی امیدواروں کی دولت میں ۱۷؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ ٹاپ ۲۰؍ امیدواروں میں سے ۱۴؍ مہایوتی سے جبکہ ۶؍ مہا وکاس اگھاڑی سے ہیں۔

Ajit Pawar, Eknath Shinde and Devendra Fadnavis. Image: X
اجیت پوار، ایکناتھ شندے اور دیوندر فرنویس۔ تصویر: ایکس

منگل کو جاری کی گئی ایک تحقیق کے مطابق، اس ماہ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے مہاوتی امیدواروں کی دولت ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۴ء کے درمیان اوسط ہندوستانی شہری کی دولت سے ۱۷؍ گنا زیادہ تیزی سے بڑھی ہے۔ مہایوتی اتحاد میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) شامل ہیں۔ خیال رہے کہ تینوں جماعتیں مرکز میں قومی جمہوری اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کیا الیکشن کے بعد بھی ریاست میں’میری لاڈلی بہن اسکیم جاری ‘ رہے گی؟

یہ ریسرچ ممبئی ووٹس ڈاٹ کام نے کی ہے جو ایک غیر منافع بخش سول سوسائٹی کی تنظیم ہے۔اس تحقیق میں مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی اتحاد دونوں کے بڑے امیدواروں کی دولت کی سالانہ ترقی کی شرح کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے)، شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس پر مشتمل ہے۔ یہ جماعتیں قومی سطح پر اپوزیشن انڈیا بلاک کا حصہ ہیں۔ منگل کو ایک پریس ریلیز میں، مذکورہ ویب سائٹ نے کہا کہ مہایوتی امیدواروں کی دولت میں تقریباً ۱۲۰؍ فیصد اضافہ ہوا، جو ۲۰۱۹ء میں اوسطاً ۵ء۲۱؍ کروڑ روپے سے ۲۰۲۴ء میں ۱ء۴۷؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مراٹھا اور او بی سی سماج نریندر مودی کی سازش کا شکار نہ بنیں: اسدالدین اویسی

اس کے مقابلے میں، مہا وکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی دولت اسی وقت میں تقریباً ۶۲؍ فیصد بڑھی ہے جو ۲۰۱۹ء میں اوسطاً ۴ء۱۶؍ کروڑ روپے سے ۲۰۲۴ء میں ۵ء۲۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ ایک اوسط ہندوستانی شہری کی اوسط دولت ۲۰۲۴ء میں تقریباً ۵ء۳؍ لاکھ روپے ہے۔ مہایوتی امیدواروں میں، بی جے پی لیڈروں نے دولت میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ اوسطاً، ایک بی جے پی امیدوار کی دولت میں تقریباً ۱۴۴؍ فیصد کا اضافہ ہوا، ہے جو ۲۰۱۹ء میں ۲۶؍ کروڑ روپے سے بڑھ کر ۲۰۲۴ء میں ۶۴؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ہم مہاراشٹر کی سیاست کو یکسر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں: شرد پوار

مہنگائی کو ایڈجسٹ کرنے کے بعد، تاہم، پانچ برسوں میں بی جے پی امیدواروں کی دولت میں اوسطاً ۷۷؍ فیصد اضافہ ہوا۔ کانگریس کے امیدواروں نے اپنی دولت میں سب سے معمولی اضافہ دیکھا جس میں افراط زر کے مطابق ۳؍ فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ۲۰۱۹ء میں تقریباً ۷ء۲۹؍ کروڑ روپے سے ۲۰۲۴ء میں ۵ء۳۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اثاثوں میں سب سے زیادہ ترقی والے ٹاپ ۲۰؍ امیدواروں میں سے ۱۴؍ کا تعلق مہایوتی سے اور چھ کا تعلق مہا وکاس اگھاڑی سے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK