جندال نے کہا کہ مسک ذہین ہیں، انہوں نے کئی حیرت انگیز کارنامے انجام دیئے ہیں۔ لیکن ہندوستان میں کامیاب ہونا آسان نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: March 06, 2025, 10:01 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
جندال نے کہا کہ مسک ذہین ہیں، انہوں نے کئی حیرت انگیز کارنامے انجام دیئے ہیں۔ لیکن ہندوستان میں کامیاب ہونا آسان نہیں ہے۔
جے ایس ڈبلیو گروپ کے چیئرمین اور ایم ڈی سجن جندال کا خیال ہے کہ ایلون مسک ہندوستان میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے برقی کار بننے والی کمپنی ٹیسلا، جس کے مالک ایلون مسک ہیں، کے ملک کے آٹوموبائل مارکیٹ میں داخلہ لینے کے تناظر میں یہ بات کہی۔ جندال نے مزید کہا کہ مسک، ہندوستان میں وہ نہیں کر سکتے جو یہاں کی کمپنیاں ٹاٹا اور مہندرا کر سکتی ہیں۔
جندال نے ارنسٹ اینڈ ینگ انٹرپرینیور آف دی ایئر ایوارڈز کی تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "اگرچہ مسک بہت ذہین ہیں، لیکن وہ ہندوستان میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ایلون مسک یہاں نہیں ہے۔ وہ امریکہ میں مقیم ہے۔ ہم ہندوستانی یہاں ہیں۔ مسک وہ نہیں کر سکتے جو مہندرا کرسکتی ہے، ٹاٹا کرسکتی ہے۔ مسک کیلئے یہ ممکن نہیں ہے۔ وہ امریکہ میں ٹرمپ کے سائے میں یہ کر سکتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ذہین ہیں۔ وہ خلائی جہاز اور دیگر میدانوں میں بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے کئی حیرت انگیز کارنامے انجام دیئے ہیں۔ لیکن ہندوستان میں کامیاب ہونا آسان نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: معیشت کی سست روی اور’ ٹیرف وار‘ میں گھر خریدنا مہنگا ہوسکتا ہے
ہندوستان میں ٹیسلا کا داخلہ
وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ میں مسک سے ملاقات کے چند دن بعد ایک بڑی پیش رفت میں، آٹوموبائل کمپنی نے ہندوستان میں اپنے پہلے شوروم کو حتمی شکل دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، گزشتہ دنوں ٹیسلا نے ممبئی میں اپنا شوروم کھولنے کیلئے لیز کے معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ، ہندوستان میں کمپنی کا پہلا شوروم ہے جو ممبئی کے ہوائی اڈے کے قریب باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) کے کاروباری اور خوردہ مرکز میں میکر میکزیٹی عمارت میں واقع ہوگا۔ رجسٹریشن کے کاغذات کے مطابق، ٹیسلا نے ۱۶ فروری ۲۰۲۵ء کو ۵ برسوں کی لیز کے معاہدے پر دستخط کئے۔ کمپنی ۴ ہزار مربع فٹ (۳۷۲ مربع میٹر) کے رقبہ کے شوروم کیلئے پہلے سال تقریباً ۴ لاکھ ۴۶ ہزار ڈالر (تقریباً ۳ کروڑ ۸۸ لاکھ ۷۲ ہزار روپے) کا کرایہ ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی ٹیرف میں راحت کے اشارے سے مارکیٹ میں رونق
برقی کاروں پر ۱۰۰ فیصد سے زائد ٹیرف کا مطالبہ
ملک میں درآمد کی جانے والی برقی کاروں پر ۱۰۰ فیصد ٹیرف، ہندوستانی حکومت اور ایلون مسک کے درمیان تنازع کا باعث رہا ہے۔ امریکی حکومت ایک مجوزہ تجارتی معاہدے کے تحت ہندوستان پر گاڑیوں کی درآمدات پر ٹیرف کم کرنے پر زور دے رہی ہے۔ تاہم، نئی دہلی، ڈیوٹی میں بہت زیادہ کمی کرنے میں ہچکچا رہا ہے اور اپنی برقی کاروں کی پیداوار میں کمی کے خوف سے احتیاط برت رہا ہے۔