Updated: August 23, 2024, 7:23 PM IST
| Mumbai
ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ کے سربراہ اور معروف صنعت کار انل امبانی غلط طریقوں سے سرمایہ کی منقتلی کے قصوروار پائے گئے۔ بد عنوانی کے ذریعے اپنی ہی کمپنیوں کو قرض دیا۔ سیبی نے انہیں ۵؍ سال کیلئے مارکیٹ سے معطل کر دیا، ساتھ ہی ان پر ۲۵؍ کروڑ کا جرمانہ عائد کیا۔ ان کے ساتھ ۲۴؍ دیگر افراد اور کمپنیوں پر بھی ۵؍ سال کی پابندی اور جر مانہ عائد کیا گیا ہے۔
معروف صنعت کار انل امبانی۔ تصویر: پی ٹی آئی
دی سیکورٹی اینڈایکسچینج بورڈ آف انڈیا(سیبی) نے جمعرات کو صنعتکارانل امبانی اور ۲۴؍ دیگرافراد اور کمپنیوں کو ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ سے بد عنوانی کے ذریعے سرمایہ منتقل کرنے کی پاداش میں کپیٹل مارکیٹ سے ۵؍ سالوں کیلئے معطل کر دیا ہے ۔ساتھ ہی ریگولیٹر نے امبانی پر ۲۵؍ کروڑ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔سیبی نے اپنے بیان میں کہا کہ انل امبانی نے ہی تمام بدعنوانی پر مبنی طریقوں سے فائنانس کمپنی سے سرمایہ نکال کر ایسی کمپنیوں کو لون دیا جو خود ان سے ہی وابسطہ تھیں۔ واضح رہے کہ ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ ریلائنس اے ڈی اے جی گروپ کا ایک حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ: اسرائیلی معیشت کو سب سے زیادہ سست رفتاری کا سامنا :اوای سی ڈی
امبانی جو اس گروپ کے چئیر مین ہیں ان پر سیکورٹی مارکیٹ سے منسلک ہونے پر پابندی لگادی گئی، ساتھ ہی اس دوران سیبی کی فہرست میں شامل کسی بھی کمپنی میں انتظامیہ میں شامل ہونے پر روک لگا دی ہے۔ ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ کو بھی سیکورٹیس مارکیٹ سے چھ ماہ کیلئے معطل کرکے ۶؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔سیبی نے اپنی تحقیق میں پایا کہ ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈنے ان تمام ضوابط سے رو گردانی کی جو سیبی نے وضع کئے تھے،یہ ضوابط اس قسم کی بد عنوانی کے سد باب کیلئے بنائے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: مدھیہ پردیش: ریاست میں کانگریس کے سابق نائب صدر شہزاد علی کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا
یہ تحقیق ظاہر کرتی ہےکہ کس طرح امبانی کے زیر اثر یہ کمپنیاں مالی خدمات کی انجام دہی میں ناکام رہی ہیں۔ اس صورت حال میں ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ کو بدعنوانی میں شامل افراد کے مقابلے میں مساوی طور پر قصوروار نہیں ٹہرایا جا سکتا۔سیبی نے مزید کہا کہ دیگر کمپنیاں اور افراد جن پرپابندی عائد کی گئی ہے وہ یا تو وہ ہیں جنہوں نے بدعنوانی کے ذریعے لون حاصل کیا تھایا ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ سے غیر قانونی طریقوں سے سرمایہ کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: وقف بل پر ’جےپی سی‘ کے پہلے اجلاس میں گرما گرم بحث
جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ کے سابق حکام امت باپنا، رویندر سودھالکراور پنکیش آر شاہ شامل ہیں، ساتھ ہی باپنا پر ۲۷؍ کروڑ ، سدھالکر پر ۲۶؍ کروڑ، اور شاہ پر ۲۱؍ کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
جن کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ریلائنس یونیکورن انٹرپرائزیس، ریلائنس ایکسچینج نیکسٹ ،ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹیڈ،ریلائنس کلنجین لمیٹیڈ،ریلائنس بزنس براڈکاسٹ نیوز ہولڈنگس لمیٹیڈاور ریلائنس بگ، انٹر ٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ شامل ہیں ۔اسی کے ساتھ ہر کمپنی پر ۲۵؍کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ۲۰۲۲ء میں سیبی نے ایک عبوری حکم سناتے ہوئے اس معاملے میں ریلائنس ہوم فائنا نس لمیٹیڈ، امبانی اور دیگر کو حتمی فیصلہ آنے تک سیکورٹیس مارکیٹ سے معطل کر دیا تھا۔