• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شام: عرب ممالک نے اسد حکومت کے خاتمہ کا خیرمقدم کیا

Updated: December 09, 2024, 9:25 PM IST | Damascus

سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ملک کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دیتے ہوئے، دیگر تمام معاملات میں تعاون کریں جن میں ملک کی بہتری ہو اور عوام کی امنگوں کو پورا کرتے ہوں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

کئی عرب ممالک نے شام بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے والے فیصلوں کا خیرمقدم کیا اور ایسے اقدامات پر زور دیا جن سے ملک میں استحکام اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

سعودی عرب
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت، شام میں ہر پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے شامی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے، خونریزی روکنے اور شام کے ریاستی اداروں اور وسائل کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ملک کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دیتے ہوئے، دیگر تمام معاملات میں تعاون کریں جن میں ملک کی بہتری ہو اور عوام کی امنگوں کو پورا کرتے ہوں۔

قطر
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دوحہ، شام میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھ رہا ہے۔ قطر نے شام کو مزید افراتفری سے روکنے کے لئے قومی اداروں اور ملک کے اتحاد کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ قطر نے شام کے بحران کو بین الاقوامی قانونی جواز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ۲۲۵۴ کے مطابق ختم کرنے کے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ "شامی عوام کے مفادات اور ان کے ملک کے اتحاد، خودمختاری اور آزادی کا تحفظ کیا جائے۔"

یہ بھی پڑھئے: بشار الاسد ماسکو میں، روس نے سیاسی پناہ دی

بحرین
بحرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ منامہ، شام میں ہونے والی پیش رفت پر قریب سے نظر رکھ رہا ہے۔ اسی کے ساتھ، بحرین نے شام کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور ارضی سالمیت کے لئے اپنے عزم پر زور دیا۔ منامہ نے شامی آبادی کے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین مفادات اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں اور عوامی اداروں کے تحفظ اور اہم اور اقتصادی انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

مصر
مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ قاہرہ، شام میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھ رہا ہے۔ مصر نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اس کے عوام کے اتحاد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ مصر نے "تمام شامی فریقوں سے ریاستی وسائل اور قومی اداروں کو محفوظ رکھنے، قومی مفاد کو ترجیح دینے، اتفاق رائے اور داخلی امن کے نئے مرحلے کے قیام کے لئے ایک جامع سیاسی عمل شروع کرنے، شام کی علاقائی اور بین الاقوامی پوزیشن بحالی پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے: شام میں تختہ پلٹ سے پڑوسی فکرمند، مغربی ممالک نے خیر مقدم کیا

اردن
شاہی عدالت کے ایک بیان کے مطابق، اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا کہ ان کا ملک، شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی مرضی اور انتخاب کا احترام کرتا ہے۔ شاہ عبداللہ نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران "شام کی سلامتی اور اس کے شہریوں کی حفاظت اور کامیابیوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

یمن
یمن کی صدارتی قیادت کونسل نے شامی عوام کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے پر مبارکباد دی۔ یمن نے شام کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے، اس کی آزادی اور آزادی، تبدیلی، امن، سلامتی اور استحکام کے لثیے شامی عوام کی خواہش کا احترام کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔

عراق
عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے ایک بیان میں کہا کہ عراق "شام میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھ رہا ہے اور استحکام، سلامتی، امن عامہ اور شامی عوام کی جان و مال تحفظ کے لئے دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔ عراق نے شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے یا ایک فریق کو دوسرے فریق کی حمایت نہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ اس طرح کی مداخلت صرف مزید تنازعات اور تقسیم کا باعث بنے گی۔

یہ بھی پڑھئے: شام کے۲؍ ہزار سے زائد فوجی میدان چھوڑ کر عراق فرار

الجزائر
الجزائر نے سرکاری بیان میں شامی عوام کی حمایت کا اظہار کیا اور الجزائر اور شامی عوام کے درمیان مشترکہ تاریخ اور یکجہتی پر مبنی مضبوط تعلقات پر زور دیا۔ الجزائر نے شام کے عوام کے تمام طبقات کے درمیان گفتگو، ملک کے مفادات کو ترجیح دینے، قومی وسائل کی حفاظت اور ایک ایسے مستقبل کی تعمیر پر زور دیا جو شامی عوام کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہو اور غیر ملکی مداخلت سے پاک ہو۔

فلسطین
فلسطینی صدر نے کہا کہ فلسطینی اور اس کے عوام، شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ان کی مرضی اور سیاسی انتخاب کا احترام کرتے ہیں اور ان کی سلامتی، استحکام اور ان کی کامیابیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔ فلسطین نے زور دیا کہ سبھی جماعتیں، شامی عوام کے مفادات کو ترجیح دیں، خطہ اور دنیا میں شام کے اہم کردار کی بحالی کو یقینی بنائیں جو فلسطینی عوام کے مفادات، ان کی آزادی اور آزادی کے منصفانہ مقصد کیلئے سرگرم ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK