ٹرمپ کے بیان کے بعد ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے ایکس پر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ "غیر منتخب بیوروکریٹ" ایلون مسلک کو برطرف کریں۔
EPAPER
Updated: March 05, 2025, 10:04 PM IST | Inquilab News Network | Washington
ٹرمپ کے بیان کے بعد ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے ایکس پر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ "غیر منتخب بیوروکریٹ" ایلون مسلک کو برطرف کریں۔
امریکی صدر کے طور پر ۶ ہفتے کی ہنگامہ خیز مدت کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جسے تیلی وژن پر بھی نشر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کئی دہائیوں پر محیط امریکی خارجہ اور گھریلو پالیسی پر گفتگو کی اور صدر کے دائرہ کار میں توسیع کی ہے۔ اپنےخطاب کے دوران ٹرمپ نے "غیر منتخب بیوروکریٹس" کی حکمرانی کے خاتمے کا اعلان کیا اور اپنی انتظامیہ کو امریکی طرز حکمرانی میں ایک نئے دور کا ہراول دستہ قرار دیا۔ ان کے اس اعلان پر جہاں ریپبلکن اراکین نے ان کی تعریف کی، وہیں ہال میں موجود کئی سینیٹرز نے ایلون مسک کی طرف اشارہ کیا اور ٹرمپ کو آئینہ دکھایا۔ واضح رہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او، ایلون مسک نئی ٹرمپ انتظامیہ میں متنازع محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (ڈاج) کے سربراہ ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس بھی مسک کی کوششوں کی ستائش کرتے ہیں لیکن انہیں تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے یوکرین کو دی جانے والی تمام فوجی امداد عارضی طور پرمعطل کردی
نیویارک ٹائمز کے مطابق، ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ ہمارے پاس ہزاروں وفاقی کارکنان ہیں جو کام پر نہیں آ رہے ہیں۔ میری انتظامیہ اس بیوروکریسی کی طاقتیں چھین لے گی اور ہم امریکہ میں حقیقی جمہوریت کو دوبارہ بحال کریں گے۔ جو بھی وفاقی بیوروکریٹ اس تبدیلی کی مخالفت کرے گا اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ غیر منتخب بیوروکریٹس کی حکمرانی کے دن اب لد گئے۔
لیکن امریکیوں کی بڑی تعداد کے مطابق، مسک کی انتظامیہ میں موجود گی، ٹرمپ کے دعوے کی نفی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ماہ رمضان میں اسرائیلی کھجوروں کے بائیکاٹ کی مہم نے زور پکڑا
ٹرمپ کا دعویٰ مسترد
کانگریس میں ڈیموکریٹک اراکین نے ٹرمپ کی تقریر اور ان کے دعویٰ کی مخالفت کی اور انہیں حقیقت کا آئینہ دکھایا۔ کچھ ڈیموکریٹس نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ کئی ڈیموکریٹس ٹھہرے رہے لیکن انہوں نے اپنی ناراضگی واضح کردی۔ ٹرمپ کی تقریر کے دوران ٹیکساس سے ڈیموکریٹک نمائندے ال گرین نے کھڑے ہو کر شور مچایا کہ صدر کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے۔ ہاؤس ڈیموکریٹس کے ایک گروہ نے "مسک چور ہے."، "میڈیکیڈ کو بچائیں" اور "سابق فوجیوں کی حفاظت کریں۔" جیسے پوسٹر لہرائے۔ مشی گن سے ڈیموکریٹ نمائندہ راشدہ طلیب ایک وائٹ بورڈ ساتھ لائی تھیں جس پر انہوں نے ٹرمپ کی تقریر کے دوران "کوئی بادشاہ نہیں" اور "جھوٹ" جیسے مختلف پیغامات لکھے۔
اپنی تقریر کے دوران جیسے ہی ٹرمپ نے اعلان کیا کہ "غیر منتخب بیوروکریٹس کی حکمرانی کے دن ختم ہوگئے"، چیمبر کے ڈیموکریٹک ممبران میں قہقہہ گونج اٹھا۔ اس کے بعد ٹرمپ نے مسک اور ڈاج کی تعریفوں کے پل باندھے۔ انہوں نے کہا، "ایلون سخت محنت کر رہے ہیں، ڈاج کے ذریعہ وہ ایک ناقابل یقین کام کر رہے ہیں۔ وہ ایسا فضلہ تلاش کر رہے ہیں جسے پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھا تھا۔"
یہ بھی پڑھئے: کنیڈا امریکہ پر انتقامی ٹیرف نافذ کرے گا، چین کا بھی جوابی اقدامات کا عزم
سوشل میڈیا پر ردعمل
میساچوسٹس سے ڈیموکریٹ رکن اور سینیٹر الزبتھ وارن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دو ٹوک انداز میں لکھا، "میں ٹرمپ سے متفق ہوں کہ غیر منتخب بیوروکریٹس کو برطرف کیا جانا چاہئے۔ آئیے، ایلون مسک سے شروعات کرتے ہیں۔" ان کی پوسٹ کو بڑی تعداد میں صارفین نے پسند کیا اور اس خیال کی حمایت کی۔
ایک اور صارف نے طنز کیا، "کیا واقعی غیر منتخب بیوروکریٹس کی حکمرانی کے دن ختم ہو گئے؟؟؟؟ جبکہ ایلون مسک اسی کمرے میں موجود تھے۔" ایک صارف نے لکھا، "ایلون مسک ایک غیر منتخب بیوروکریٹ ہیں جو `کارکردگی` کے نام پر خود کو مالا مال کرنے کیلئے امریکی عوام کی دولت چرا رہے ہیں۔"