امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گوانتانامو بے میں غیر قانونی تارکین وطن کے حراستی مرکز کی تعمیر کا حکم دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حراستی مرکز میں ۳۰؍ ہزار افراد کو رکھا جائے گا۔
EPAPER
Updated: January 30, 2025, 4:16 PM IST | Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گوانتانامو بے میں غیر قانونی تارکین وطن کے حراستی مرکز کی تعمیر کا حکم دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حراستی مرکز میں ۳۰؍ ہزار افراد کو رکھا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گوانتانامو بے میں غیر قانونی تارکین وطن کے حراستی مرکز کی تعمیر کا حکم دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حراستی مرکز میں ۳۰؍ ہزار افراد کو رکھا جائے گا۔ برطانوی نشریاتی ادارے’ریوئٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کیوبا میں امریکی بحریہ کے اڈے پر قائم کئے جانے والے حراستی مرکز میں امریکی عوام کیلئے خطرہ بننے والے بدترین مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث غیر قانونی تارکین وطن کو رکھا جائے گا، یہ حراستی مرکز سخت سیکوریٹی کی حامل امریکی فوجی جیل سے الگ ہوگا۔ بتا دیں کہ گوانتانامو بے کو طویل عرصے سے تارکین وطن کو قید رکھنےکیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے، اس حراستی مرکز کو انسانی حقوق کی تنظیموں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عرب لیگ نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کا امریکی منصوبہ مسترد کر دیا
بعد ازاں بدھ کو ٹرمپ کے سرحدی مشیر ٹام ہومن نے کہا کہ گوانتاناموبے میں موجود حراستی مرکز کو توسیع دی جائے گی اور اسے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) چلارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کوسٹ گارڈ کی جانب سے سمندر میں روکے جانے کے بعد تارکین وطن کو براہ راست وہاں منتقل کیا جا سکتا ہے اور حراست کے ’اعلیٰ ترین‘ معیارات کا اطلاق کیا جائے گا، یہ واضح نہیں ہے کہ اس حراستی مرکز پر کتنی لاگت آئے گی یا یہ کب مکمل ہوگی۔ کیوبا کی حکومت نے فوری طور پر اس منصوبے کی مذمت کی ہے اور امریکا پر ’مقبوضہ‘ زمین پر تشدد اور غیر قانونی حراست کا الزام عائد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سیٹیلائٹ امیج کے مطابق غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نےاسٹار آف ڈیوڈ کی علامت کندہ کی
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے نام نہاد لیکن ریلی ایکٹ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت چوری یا پرتشدد جرائم کے الزام میں گرفتار کئے جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کو مقدمے کی سماعت تک جیل میں رکھا جانا لازمی ہے۔ یہ بل جارجیا کی نرسنگ کی ایک طالبہ کے نام پر رکھا گیا ہے جسے گزشتہ سال وینزویلا کے ایک تارکین وطن نے قتل کر دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ گوانتانامو کے نئے ایگزیکٹو آرڈر میں دفاع اور ہوم لینڈ سیکوریٹی کے محکموں کو ۳۰؍ ہزاربیڈ پر مشتمل اس مرکز کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ انہوں نے تارکین وطن کے بارے میں کہا کہ ان میں سے کچھ اتنے برے ہیں کہ ہمیں ان ممالک پر بھی بھروسہ نہیں ہے کہ وہ انہیں پکڑیں گے، کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ وہ واپس آئیں لہٰذا ہم انہیں گوانتانامو بھیجنے جا رہے ہیں، باہر نکلنے کیلئے یہ ایک مشکل جگہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۳؍ لاکھ اہل غزہ کی واپسی ، اپنے مکانات کی تلاش
ٹرمپ کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو رکھنے کیلئے کیوبا میں واقع امریکی حراستی مرکز کی گنجائش کو دگنا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ پہلے ہی گوانتانامو میں ایک حراستی مرکز چلارہا ہے جسے گوانتانامو مائیگرنٹ آپریشن سینٹر (جی ایم او سی) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل ریفیوجی اسسٹنس پروجیکٹ (آئی آر اے پی) نے۲۰۲۴ء کی ایک رپورٹ میں امریکی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ تارکین وطن کو سمندر سے حراست میں لینے کے بعد خفیہ طور پر غیر معینہ مدت کیلئے غیر انسانی حالات میں وہاں رکھے ہوئے ہے۔