• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی کی حلف برداری کی تقریب میں ۷ ؍عالمی لیڈران سمیت ۸؍ ہزارافراد کی شرکت متوقع

Updated: June 08, 2024, 4:38 PM IST | New Delhi

حالیہ عام انتخابات میں این ڈی اے اتحاد نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی اپنے اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنانے کیلئے تیار ہے۔وزیراعظم کے عہدے کیلئے نریندر کو نامز کیاگیا ہے جو تیسری دفعہ وزیراعظم کے طور پر حلف لیں گے۔ تقریب میں مالدیپ ، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھوٹان، نیپال، ماریشس اور سے شیلز ممالک کے لیڈران کی آمد متوقع ہے۔

Receiving Modi before the Draupadi Marmu meeting at Rashtrapati Bhavan. Photo: PTI
راشٹرپتی بھون میں دروپدی مرمو میٹنگ سے قبل مودی کااستقبال کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

عام انتخابات ۲۰۲۴ء میں فتح کے بعد بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کی طرف وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے نامزد کئے گئے نریندر مودی کی حلف برداری تقریب کا انعقاد ۹؍ جون کو نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون میں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مودی مسلسل تیسری میعاد کیلئے وزیراعظم بننے جارہے ہیں۔ ان کی حلف برداری کی تقریب کیلئے قومی راجدھانی دہلی میں بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ پڑوسی ممالک اور بحیرہ ہند خطہ میں واقع ممالک سے تقریب میں شرکت کیلئے تشریف لا رہے لیڈران کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔اس تقریب میں ۸؍ ہزار سے زائد افراد شرکت کریں گے جن میں مختلف پیشہ ور، ماہر افراد اور ثقافتی فنون کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرا ئیلی جنگ کے نتیجے میں بے روزگاری کی شرح ۸۰؍ فیصد ہو گئی ہے: یو اینا

جمعہ کوبی جے پی پارلیمانی پارٹی اور این ڈی اے اتحاد کے لیڈران نے مودی کی تحریری حمایت کی جس کے بعد ہندوستانی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدے کے لئے نامزد کیاجو تیسری دفعہ وزیراعظم کے طور پر حلف لیں گے۔نامزدگی کے بعد مودی نے راشٹرپتی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کیا اور اس لمحہ کو اپنے لئے عزت افزاء قرار دیا۔انہوں نے ۲۰۴۷ء میں ملک کی آزادی کی سو سال مکمل ہونے کے تناظر میں ۱۸؍ ویں لوک سبھا کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ۱۸؍ ویں لوک سبھا ،ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی جانب ا ہم سنگ میل ہے اس سے قبل کہ ملک ، ۲۰۴۷ء میں آزادی کا صد سالہ جشن منائے۔نریندر مودی کی تقریبِ حلف برداری کے بارے میں ان باتوں کا جاننا آپ کیلئے ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مسلسل آٹھویں بارپالیسی ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں

۱۔ صدر دروپدی مرمو ، اتوار کو شام ۷؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر نریندر مودی اور ان کی کابینہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائے گی۔
۲۔ راشٹر پتی بھون کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پیراملٹری فورسیز کی پانچ ٹکڑیاں، نیشنل سیکوریٹی گارڈز کے کمانڈوز، ڈرونز اور اسنائپرز تعینا ت کئے جائیں گے۔فضائی راستہ سے مجرمانہ اور دہشت گردانہ حملوں سے نپٹنے کیلئے دہلی کی فضائی حدود میں نو فلائی زون قائم کی گئی ہے جس کے تحت ہر قسم کے طیاروں کی اڑان پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔ یہ پابندی ۹ ؍ جون سے ۱۰؍ تک برقرار رہے گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انڈین پینل کوڈ کے سیکشن ۱۸۸؍ کے تحت سزا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’راہل گاندھی سرمایہ کاروں میں خوف پیدا کر رہے ہیں‘‘

۳۔ بیرون ممالک سے آنے والی معزز شخصیات کیلئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ ان کے قیام کے درمیان ہوٹلوں میں اسپیشل پروٹوکولزنافذ کئے جائیں گے۔ہوٹلوں سے تقریب کے مقام تک متعینہ راستوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔ قیام کے لئے مشہور ہوٹلوں مثلاً لیلا، تاج، آئی ٹی سی موریہ، کلیرج اور اوبیرائے وغیرہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس موقع پر کئی سڑکیں عوام کیلئے بند رہیں گی اور ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائے گا۔ 

’ مسلم ریزرویشن منہ بھرائی نہیں، سماجی انصاف ہے‘

۴۔ مالدیپ کے صدر محمد معزو نے تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی دعوت کو قبول کی ہے۔ ہندوستان کی پڑوسی مرکوز خارجہ پالیسی کے چلتے مالدیپ کے علاوہ، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھوٹان، نیپال، ماریشس اور سے شیلزکے ممالک کے لیڈران کی آمد متوقع ہے۔
۵۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم مودی کی کابینہ میں ۲۷ ؍ سے ۳۰؍ کے درمیان وزراء کی شمولیت کا امکان ہے جن میں وزرائے مملکت بھی شامل ہیں۔ کابینہ میں ایک تہائی وزراء ، این ڈی اے کی اتحادی پارٹیوں سے شامل کئے جائیں گے۔ این ڈی اے اتحادیوں کے متفقہ فارمولہ کے مطابق چار یا پانچ ممبران پارلیمان پر ایک کابینی وزیر کا عہدہ اتحادی پارٹی کو دیا جائے گا اورہر دو پارلیمنٹ سیٹوں پر وزیر مملکت کا عہدہ دیاجائے گا۔کابینہ میں شراکت داری طے کرنے کیلئے راجناتھ سنگھ، امیت شاہ اور جے پی نڈا ، اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ 
۶۔ امریکہ میں مودی کے حامی تقریب حلف برداری کے تناظر میںامریکہ کے ۲۲؍ شہروں میں جشن منانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی ۔ یو ایس اے تنظیم اگلے دو ہفتوں میں نیویارک ، جرسی شہر، واشنگٹن ڈی سی، بوسٹن، اٹلانٹا، ٹیمپا، ہائوسٹن، ڈلاس، شکاگو، لاس اینجلس اور سان فرانسسکو جیسے بڑے امریکی شہروں میں جشن کا اہتمام کرے گی۔ تنظیم نے اعلان کیا کہ وہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے ایک مہم کا آغاز کرے گی اور ہندوستانی باشندوں کو متحرک کرے گی۔امریکہ میں غیرمقیم ہندوستانیوں کو پیش آنے والے مسائل، مثلاً بینکنگ اور ملکیت سے جڑے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک این آر آئی کمیشن کے قیام کیلئے بھی کوشاں ہے ۔
۷۔ وزیراعظم مودی کی حلف برداری تقریب، جس میں وزیراعظم مودی اور ان کی کابینہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا جائے گا اور صدر مرمو پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے خطاب کریں گی، کی تیاریوں کے باعث ۵؍ ، ۱۵؍ اور ۲۲ء جون کو راشٹر پتی بھون میں منعقدہ گارڈ تبدیلی تقریبات کو معطل کیا گیا ہے۔گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہر ہفتہ منعقد کی جاتی ہے جس میں نئے اہلکاروں کو صدر کےباڈی گارڈز کا چارج دیاجاتا ہے۔
۸۔ ۱۸؍ ویں لوک سبھا کا پہلے سیشن کا آغاز  ۱۵؍ جون کو ہونے کی امید ہے جس کے پہلے دو دنوں میں منتخب ممبران پارلیمنٹ کو حلف دلایا جائے گا۔ اس کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا اور صدر مرمو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی مشترکہ نشست سے خطاب کریں گی۔اس سیشن کا اختتام ۲۲؍ جون کو ہوگا۔
۹۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے اتحاد نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی ، ۵۴۳؍ سیٹوں پر مشتمل پارلیمنٹ کی نصف سیٹیں ۲۷۲؍ حاصل نہیں کر پائی لیکن وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنانے کیلئے تیار ہے۔
۱۰۔ این ڈی اے اتحاد میں تیلگو دیشم پارٹی(ٹی ڈی پی)، جنتا دل یونائیٹیڈ(جے ڈی یو)، شیو سینا(ایس ایس ) اور لوک جن شکتی پارٹی ۔ رام ولاس پاسوان (ایل جے پی۔آر) شامل ہیں جنہوں نے عام انتخابات ۲۰۲۴ء میں ۲۹۳؍ سیٹیں حاصل کی ہیں جو حکومت بنانے کیلئے درکار اکثریت سے زیادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK