• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اجے دیوگن کی ’’سن آف سردار ۲‘‘ سے وجے راز کو نکال دیا گیا

Updated: August 17, 2024, 9:59 PM IST | Mumbai

اطلاعات کے مطابق وجے راز نے فلم کے عملے کے ساتھ بدتمیزی کی اور مختلف قسم کے مطالبات کرتے رہے جس کی بنا ء پر فلمسازوں نے انہیں فلم سے نکال دیا۔ دریں اثناء، وجے راز نے ان تمام باتوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شوٹنگ کے پہلے دن اجے دیوگن سے ملنے نہیں گئے، جس کے سبب انہیں فلم سے نکال دیا گیا۔

Ajay Devgan and Vijay Raaz. Photo: INN
اجے دیوگن اور وجے راز۔ تصویر: آئی این این

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وجے راز کو اجے دیوگن کی آنے والی کامیڈی فلم ’’سن آف سردار۲‘‘ سے نکال دیا گیا ہے۔ ہنک ولا نے رپورٹ کیا ہے کہ وجے راز کو فلم کے عملے کے ارکان کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے پروجیکٹ سے ہٹا دیا گیا ہے لیکن وجے راز کی کہانی سکے کا دوسرا رخ بتاتی ہے۔ \

یہ بھی پڑھئے: عامر خان پروڈکشن کی فلم ’لاہور۱۹۴۷‘ کی شوٹنگ مکمل ہوگئی

’’سن آف سردار۲‘‘ کے شریک پروڈیوسر کے بیٹے کمار منگت پاٹھک نے کہا کہ ’’ہاں، یہ سچ ہے کہ ہم نے وجے راز کو سیٹ پر ان کے رویے کی وجہ سے فلم سے ہٹا دیا ہے۔ انہوں نے بڑے کمرے اور وینٹی وین کا مطالبہ کیا، اسپاٹ بوائز کیلئے ہم سے اوور چارج بھی کیا۔ درحقیقت ان کے اسپاٹ بوائے کو فی رات کے ۲۰؍ ہزار روپے ادا کئے گئے جو کسی بھی بڑے اداکار کے اسپاٹ بوائے سے زیادہ ہے۔ برطانیہ ایک مہنگی جگہ ہے، اور ہر ایک کو شوٹنگ کے دوران معیاری کمرے مل گئے، لیکن انہوں نے پریمیم سویٹس کا مطالبہ کیا۔ جب ہم نے انہیں خرچ کا منظر نامہ سمجھانے کی کوشش کی تو انہوں نے اسے سمجھنے سے انکار کر دیا اور بدتمیزی کی کہ ’’آپ لوگوں نے مجھے فلم کیلئے سائن کیا، مَیں تھوڑی کام مانگنے آیا تھا۔‘‘ ہم نے ان کے تمام مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کی مگر اُن کا رویہ بدتر ہوتا چلا گیا، کیونکہ ان کے مطالبات ختم نہیں ہورہے تھے۔ انہوں نے سفر کرنے کیلئے ۳؍ افراد کے عملے کیلئے ۲؍ کاروں کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ جب ایگزیکٹیو پروڈیوسر نے انہیں سمجھانے کی کوشش تو وہ ان سے بدتمیزی کرلنے لگے۔ پھر کافی سوچ و بچار کے بعد ہم نے انہیں فلم سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان نے اپنی روٹین بتائی، صرف ۵؍ گھنٹہ سوتے ہیں، صبح ۲؍ بجے ورزش کرتے ہیں

دریں اثنا، وجے راز نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مَیں شوٹنگ کے مقام پر وقت سے پہلے ہی پہنچ گیا تھا۔ مَیں وین تک پہنچا اور روی کشن مجھ سے ملنے آئے۔ ایگزیکٹیو پروڈیوسر ، آشیش، اور پروڈیوسر کمار منگت بھی مجھ سے ملنے آئے۔ اس کے بعد ڈائریکٹر وجے اروڑہ آئے۔ میں وین سے باہر نکلا، اور دیکھا کہ اجے دیوگن ۲۵؍ میٹر دور کھڑے ہیں۔ وہ کسی کام میں مصروف تھے۔ اس لئے مَیں نے انہیں ڈسٹرب کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ مَیں باقی لوگوں سے بات چیت کرتا رہا۔ ۲۵؍ منٹ بعد کمار منگت میرے پاس آئے اور کہا کہ ’’ہم آپ کو فلم سے نکال رہے ہیں۔‘‘ مَیں نے صرف اتنی بدتمیزی کی ہے کہ مَیں اچے دیوگن سے ملنے نہیں گیا۔ میں عملے کے کسی بھی فرد سے بھی نہیں ملا۔ جن کے نام بتائے ہیں، صرف ان ہی سے ملاقات کی۔ مجھے سیٹ پر پہنچنے کے ۳۰؍ منٹ بعد فلم سے ہٹا دیا گیا کیونکہ میں نے اجے دیوگن سے ملاقات نہیں کی۔ یہ طاقتور لوگ ہیں، اور یہ بدتمیزی کا معاملہ ہی نہیں ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے سبب مجھے شبانہ اعظمی سے ڈانٹ پڑی تھی: کرن جوہر

منگت نے وجے کی طرف سے لگائے گئے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ، ’’اجے دیوگن وہ شخص نہیں ہیں جنہیں لوگ خوش آمدید کہنے کا انتظار کر رہے ہوں۔ وہ ہمیشہ تخلیقی لوگوں سے گھرے رہنا پسند کرتے ہیں اور سبھی کے ساتھ احترام سے پیش آتے ہیں۔ اجے دیوگن سے ملاقات نہ کرنے پر ہٹائے جانے کی خبر جھوٹی ہے۔ وجے راز کو فلم سے ہٹانے سے ہمیں کم از کم دو کروڑ کا نقصان ہوا۔ ہم چھوٹے معاملات پر ایسا قدم کبھی نہیں اٹھائیں گے۔ ان کا رویہ تشویش کا باعث تھا اور ہماری فلم کے سیٹ پر کسی کی بے عزتی کی کوئی جگہ نہیں ہے، کیونکہ ہم ایک خاندان کی طرح کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمارے تمام ایگزیکٹیو پروڈیوسر ز اور یہاں تک کہ مجھے بھی مسلسل بتاتے رہے کہ انہیں ’’سن آف سردار ۲‘‘ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اور وہ ایسا صرف اس لئے کر رہے ہیں کہ ہم نے ان سے رابطہ کیا۔ وہ بڑے کمرے کا مطالبہ کرتے رہے، یہ جانتے ہوئے کہ ان کمروں کی قیمت یو کے میں بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا یہ رویہ ایک مسئلہ ہے اور ہم ایسی ذہنیت رکھنے والے شخص سے تعلق نہیں رکھنا چاہتے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’دل چاہتا ہے‘‘ کے ۲۳؍ سال مکمل، فرحان اختر نے ویڈیو پوسٹ کیا

منگت نے یہ بھی کہا کہ ’’یہاں تک کہ دوسرے اداکار اور مَیں بھی انہی کمروں میں رہا، جیسا کمرہ ان کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ اس کی ایک رات کی قیمت ۴۵؍ ہزار روپے ہے۔ یہ ایک بہترین ہوٹل تھا۔ غیر پیشہ ورانہ رویے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ ایک اچھی بات ہے کہ ہم نے انہیں شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ہٹا دیا، کیونکہ ان کی موجودگی اور رویہ سیٹ پر کئی مسائل پیدا کردیتا۔ اجے دیوگن نے کئی سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اور اس طرح کے مسائل کبھی نہیں ہوئے۔ جی ہاں، میں شوٹنگ کے دن وینٹی وین میں ان (وجے) سے ملنے گیا تھا، لیکن وہاں انہوں نے جو مطالبہ کیا وہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔ انہوں نے ہم سے اجے دیوگن جیسی وینٹی مانگی، جیسا کہ میں نے پہلے کہا، ان کے مطالبات ختم ہی نہیں ہورے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں فلم سے ہٹا دیا گیا۔ ہم نے انہیں اجے دیوگن سے ملاقات نہ کرنے پر نہیں ہٹایا، ہم نے انہیں غیر معقول مطالبات اور عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر ہٹایا ہے۔ اب انہوں نے جو ایڈوانس لیا ہے اسے واپس کرنے سے بھی انکار کررہے ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: لاکانو فلم فیسٹیول: سوئزرلینڈ میں شاہ رخ خان کو ’پاردو الا کیریرا‘ سے نوازا گیا

شریک پروڈیوسر نے بتایا کہ وجے راز کی جگہ اب سنجے مشرا لیں گے۔ خیال رہے کہ ’’سن آف سردار ۲‘‘ ایک کامیڈی ڈراما فلم ہے جس میں اجے دیوگن اور مرنال ٹھاکر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
خبر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی ہے کہ صحیح کون ہے اور غلط کون۔ بیشتر افراد وجے راز کے ساتھ ہیں اور انہوں نے اجے دیوگن کو طاقتور اور مغرور قرار دیا ہے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ وجے راز ایک بدتمیز شخص ہیں جنہیں اپنی زبان پر قابو رکھنا نہیں آتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK